سب سے زیادہ ہلاکتیں این سی اور کانگریس کے دور میں ہوئی :فردوس ٹاک
لازوال ڈیسک
جموں؍؍پی ڈی پی نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو کشمیر کی موجودہ حالت کیلئے ذمہ دار ٹھراتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کو اپنے ماضی کی طرف نظر دوڑانی چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس او رکانگریس کی جانب سے نوجوان کی ہلاکت پر واویلا کرنا سمجھ سے بالا تر ہے کیونکہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے دور میں ہی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔پی ڈی پی نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو ہدفہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دونوں پارٹیوں نے ماضی میں لوگوں کو کتنے زخم دئے ہیں یہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں۔ پی ڈی پی نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کیلئے نیشنل کانفرنس او رکانگریس ذمہ دار ہے کیونکہ دونوں پارٹیوں نے زیادہ وقت تک حکومت کی ہے۔ پی ڈی پی کے ایم ایل سی فردوس ٹاک نے قانون ساز کونسل میں کہاکہ عام شہریوں کی ہلاکتیں ناقابل برداشت ہے اور اس پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے تاہم نیشنل کانفرنس او رکانگریس کی جانب سے اس پر شور مچانا سمجھ سے بالا تر ہے کیونکہ دونوں پارٹیوں کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کو لوگوں کے مسائل ایوان میں اٹھانے چاہئے تاہم اس کے برعکس دونوں پارٹیاں سیاست کر رہی ہے حالانکہ اگر دیکھا جائے تو کشمیر کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار نیشنل کانفرنس اور کانگریس ہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ محبوبہ مفتی کے دوران ریاست میں تعمیر وترقی کا آغاز ہوا، لداخ ، کشمیر اور جموں میں لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ خوداقدامات اٹھا رہی ہے تاہم نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو یہ دکھائی ہی نہیں دے رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت لوگوں کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں ہمیں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی سند نہیں چاہئے ۔