مذہبی رہنماوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں : وقار رسول
یواین آئی
جموں؍؍پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول نے اتوار کے روز دعویٰ کیا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس بڑی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی۔انہوں نے میر واعظ اور دوسرے مذہبی رہنماوں کی رہائی کا خیر مقدم کیا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں آنے والے اسمبلی چناو کی خاطر کانگریس نے تیاریاں شروع کی ہیں۔وقار رسول وانی نے کہاکہ جموں وکشمیر کے تمام 90حلقوں میں کانگریس کافی مضبوط ہے اور جب بھی چناو ہونگے کانگریس بڑی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بی جے پی ، این سی ، اور پی ڈی پی کا اثر رسوخ محدود ہے لیکن کانگریس واحد ایسی پارٹی ہے جو جموں وکشمیر کے دونوں خطوں میں مضبوط ہے۔پردیش کانگریس کے صدر نے کہاکہ کانگریس کے ساتھ آئے روز لوگ جڑ رہے ہیں جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پارٹی کی جیت یقینی ہے۔مذہبی رہنماوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے وقار رسول وانی نے کہاکہ کسی کو بھی کریڈٹ لینے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ میر واعظ ، ویری اور داودی جیسے مذہبی رہنماوں کو گرفتار کرنا غلط فیصلہ تھا۔ان کا مزید کہنا تھا میر واعظ مولوی عمر فاروق کو چار سال بعد رہا کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مذہبی رہنماوں کی رہائی کے بعد بھاجپا لیڈران سیلفیاں لے رہے ہیں اور انہیں شرم بھی محسوس نہیں ہو رہی۔وقار رسول وانی نے کہاکہ پہلے آپ نے انہیں جیل میں ڈالا پھر آج ان کے ساتھ سیلفیاں لے رہے ہیں جو حیران کن اور مضحکہ خیز ہے۔ون نیشن ون الیکشن کے بارے میں کانگریس صدر نے کہاکہ اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی خاطر ہی ایسا کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے جو کمیٹی تشکیل دی گئی وہ بی جے پی کا گروپ ہے۔