پونچھ : ایل او سی پر مشتبہ نقل وحرکت کے بعد فائرنگ، منشیات اسمگلر زخمی
یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے جرالان گاوں میں پولیس نے چھاپہ ماری کے دوران منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ہیروئن برآمد کی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلا ع موصول ہونے کے بعد ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے راجوری کے دھنور جرالان گاوں میں رہائشی مکان پر چھاپہ مارا اور وہاں تلاشی کے دوران آٹھ گرام ہیروئن جیسی ممنوع نشیلی اشیائ برآمد کی۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے منشیات فروش کو بھی دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔بتادیں کہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں سیکورٹی فورسز نے منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا ہے۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں تاکہ اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔وہیں ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے کھڑی کرماڑا میں مشتبہ نقل وحرکت کے بعد فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں منشیات اسمگلر گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ منشیات اسمگلر کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاء سے بھرا ایک پیکٹ برآمد ہوا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ درمیانی شب پونچھ کے کھڑی کرماڑا سیکٹر میں مشتبہ نقل وحرکت کے بعد فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک منشیات اسمگلر زخمی ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ ایل او سی پر تعینات مستعد اہلکاروں نے منشیات اسمگلر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ایک پیکٹ برآمد ہوا جس میں ممنوع نشیلی اشیاء پائی گئی۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی رات دیر گئے اس وقت یہ واقع پیش آیا جب ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے گلپور سیکٹر کے کرماڑا میں ایک شخص کی مشکوک نقل وحرکت دیکھی اور اسے چیلنج کیا تاہم مشتبہ اسمگلر نے ایل او سی کے پار فرار ہونے کی کوشش کی جس دوران فوج نے اس پر فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ منشیات اسمگلر کی شناخت یاسر نذیر کے بطور ہوئی ہے اوروہ منشیات لے کر اس طرف آرہا تھا۔منشیات اسمگلر کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔