‘خوشی ہے کہ وزیراعظم مودی کے الزامات سے این سی پی لیڈران بری ہوئے
یواین آئی
ممبئی؍؍این سی پی صدر اور قدآور رہنماء شرد پوار نے آج کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پارٹی کو کیسے زندہ کرنا ہے۔ اجیت پوار کے فیصلہ کومسترد کرتے ہوئے این سی پی سربراہ نے کہا کہ ممتا بنرجی اور ملکارجن کھرگے نے انہیں فون کیاہے۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے اجیت پوار اور ان کی بغاوت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اجیت پوار کے اقدام کی توثیق نہیں کی اور یہ ان کا انفرادی فیصلہ تھا۔پارٹی کو دوبارہ زندہ کرنے اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں متحدہ اپوزیشن میں اہم کردار ادا کرنے کے عزم پر مضبوط کھڑے ہوتے ہوئے، 83 سالہ لیڈر نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا وہ بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن ہو سکتا ہے، لیکن ان کے لیے ایسا نہیں جب انہوں نے اس طرح کی مشکلات کا سامنا کیاہے۔ اسی طرح کی صورتحال 1980 میں جب وہ جس پارٹی کی قیادت کر رہے تھے اس کے تمام رہنما چھوڑ گئے اور انہوں نے پارٹی کو زندہ کر دیا۔شرد پوار کی پریس کانفرنس اجیت پوار کے یہ دعویٰ کرنے کے چند منٹ بعد ہوئی کہ شندے-فڑنویس حکومت کے ساتھ ہاتھ ملانے کے پیچھے انہیں ہر ایک کی حمایت اور آشیرواد حاصل ہے۔شرد پوار نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وزیراعظم مودی نے این سی پی کے کچھ لیڈروں کو بدعنوانی کے الزامات سے آزاد کر دیا اب وہ مہاراشٹر کے وزیر ہیں۔شرد پوار نے کہاکہ ’’مجھے خوشی ہے کہ وزیراعظم مودی نے این سی پی کے کچھ ساتھیوں کو بدعنوانی کے الزامات سے بری کر دیا ہے کیونکہ وہ اب حکومت میں بطور وزیر شامل ہیں۔‘‘شرد پوار نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا اس سے وہ پریشان نہیں ہیں۔ "ممتا بنرجی اور ملکارجن کھرگے کا فون آیاہے۔ انہوں نے اپنا تعاون بڑھایا ہے۔ اگر کوئی این سی پی پر ملکیت کا دعویٰ کر رہا ہے تو کوئی حرج نہیں ہے۔ ہم لوگوں کے پاس جائیں گے اور ان کی حمایت حاصل کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ہمارا ساتھ دیں گے۔ کل، میں وائی بی چوان (مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی) کا آشیرواد لوں گا اور ایک عوامی جلسہ کروں گا، "شردپوار نے کہاکہ "میں یہ کبھی نہیں کہوں گا کہ میرا گھر الگ ہو گیا ہے، یہ مسئلہ میرے گھر کا نہیں ہے، یہ لوگوں کا مسئلہ ہے۔ مجھے ان لوگوں کے مستقبل کی فکر ہے جو چلے گئے ہیں۔ میں اس کا سہرا مودی کے سر باندھتا ہوں۔ کچھ دن پہلے، انہوں نے بیان دیا تھا اور اس بیان کے بعد، کچھ لوگ بے چینی محسوس کرنے لگے، ان میں سے کچھ کو ای ڈی کی کارروائیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا، "انہوں نے مزید کہاکہ”دو دن پہلے وزیراعظم نے این سی پی کے بارے میں کہا تھا … انہوں نے اپنے بیان میں دو باتیں کہی تھیں کہ این سی پی ایک مکمل پارٹی ہے۔ انہوں نے آبپاشی کی شکایات اور بدعنوانی کے الزامات کا ذکر کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ میرے کچھ ساتھیوں نے حلف اٹھایا ہے۔ اس سے (این ڈی اے حکومت میں شامل ہونا) یہ واضح ہے کہ تمام الزامات صاف ہو چکے ہیں۔ میں ان کا شکر گزار ہوں۔”شرد پوار نے کہاکہ "صدر ہونے کے ناطے، میں نے پرفل پٹیل اور سنیل تاٹکرے کو مقرر کیا تھا لیکن انہوں نے اپنی ذمہ داریوں پر عمل نہیں کیا، اس لیے مجھے ان کے خلاف کچھ کارروائی کرنی ہوگی۔” پرفل پٹیل اجیت پوار کی حلف برداری اور اس کے بعد پریس کانفرنس میں بھی موجود تھے۔شرد پوار نے کہا کہ وہ اجیت پوار سے انتخابی نشان پرقانونی لڑائی نہیں لڑیں گے، بلکہ عوام کے پاس جائیں گے۔