یواین آئی
نئی دہلیوزیر اعظم نریندر مودی کو خطرے کی اطلاعات کے درمیان مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کو ان کی سکیورٹی کے لئے نئے قوانین پر سختی سے عمل کرنے کو کہا ہے تاکہ کوئی وزیر یا افسر بغیر سکیورٹی کلیئرنس کے وزیر اعظم کے قریب نہیں پہنچ سکے۔ وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں کے پولس سربراہان کو خط لکھ کر کہا ہے کہ قومی سلامتی کونسل کی طرف سے وی آئی پی کے لئے طے شدہ سکیورٹی کے قوانین پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے۔ ویجیلینس ایجنسی کے ذرائع نے بتایا کہ ‘راجیو گاندھی قتل کے طرز پر’ مسٹر مودی کو قتل کی سازش کرنے سے متعلق نکسلیوں کی منصوبہ کا پونے پولس کی طرف سے انکشاف کئے جانے کے بعد وزارت داخلہ نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ کونسل نے کہا ہے کہ 2019 کے انتخابات کے پیش نظر وزیر اعظم سب سے بڑا نشانہ ہو سکتے ہیں۔ اسمبلیوں اور لوک سبھا کے انتخابات میں چیف الیکشن کمپینرکے طور پر مسٹر مودی کو بھی روڈ شو کم کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ایجنسی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ وی آئی پی سکیورٹی کے دستور العمل کے تحت کوئی بھی شخص یہاں تک کہ وزیر یا افسر بغیر سکیورٹی کلیئرنس کے وزیر اعظم کے قریب نہیں آ سکتا ہے۔ وزیر اعظم کی سکیورٹی میں تعینات رہنے والے سکیورٹی ٹیم کو کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے قریب آنے کی غیر ضروری اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔