آرجی کار میڈیکل کالج و اسپتال میں عصمت دری کے معاملے میں کلکتہ ہائی کورٹ نے سی بی آئی جانچ کا حکم دیا

0
0

کہاریاست کے قبضے میں موجود تمام معلومات اور دستاویزات سی بی آئی کو سونپ دی جائیں
یواین آئی

کلکتہ ؍؍کلکتہ ہائی کورٹ نے آر جی کار اسپتال میں جونیئر ڈاکٹر کے ساتھ عصمت دری اور قتل معاملے میں سی بی آئی جانچ کا حکم دیا ہے۔ منگل کو چیف جسٹس ٹی ایس شیوگنم نے کیس کی ڈائری کا جائزہ لینے کے بعد یہ حکم دیا۔ ساتھ ہی ہائی کورٹ نے کہا کہ ریاست کے قبضے میں موجود تمام معلومات اور دستاویزات سی بی آئی کو سونپ دی جائیں۔ عدالت نے پولس کے ذریعہ جمع کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی سی بی ا?ئی کے سونپنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
چیف جسٹس نے آر جی کار اسپتال عصمت دری کیس میں پولیس کے کردار پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ منگل کو آر جی کار کیس میں دائر مفاد عامہ کے پانچ مقدمات کی ایک ساتھ سماعت ہوئی۔ دوران سماعت درخواست گزاروں نے کئی اہم سوالات کھڑے کئے۔ منگل کی سماعت کے دوران ریاست کی طرف سے کیس ڈائریاں پیش کی گئیں۔ ریاستی حکومت نے دوپہر ایک بجے تک کیس ڈائری عدالت میں جمع کرادی۔ چیف جسٹس نے اس رپورٹ کو دیکھ کر پولیس کے کردار پر سوال اٹھائے۔
منگل کی سماعت میں متوفی کے خاندان کے وکیل بکاس رنجن بھٹاچاریہ نے کہا کہ پہلے تو کسی نے گھر والوں کو فون کیا اور کہا کہ آپ کی بیٹی بیمار ہے۔ اس کے بعد انہوں نے دوبارہ فون کیا اور کہا کہ آپ کی بیٹی نے خودکشی کر لی ہے۔ اس پر ریاستی حکومت نے بھی عدالت کو بتایا کہ خاندان کا دعویٰ درست ہے۔ متوفی کے اہل خانہ کو دو بار فون کیا گیا۔ ریاست نے عدالت کو بتایا کہ یہ اسپتال کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ تھے جنہوں نے متوفی کے اہل خانہ کو فون کیا۔ تاہم ریاست نے عدالت میں اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ فون پر کیا کہا گیا۔
منگل کو عدالت میں اس انکوائری کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے جو سب سے پہلے آر جی کار اسپتال عصمت دری اور قتل کیس میں غیر فطری موت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ریاستی وکیل نے عدالت کو بتایاکہ ایسے اہم معاملات میں ہمیشہ غیر فطری موت کا مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔ پہلے تو کسی نے شکایت نہیں کی۔ اس لیے کہا گیا کہ یہ غیر فطری موت ہے۔اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پولس سے اس طرح کی حرکت کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔کیا لاش سڑک کے کنارے سے برآمد ہوئی؟ اسے غیر معمولی موت کیوں کہا گیاہے؟ اسپتال کا ایک سپرنٹنڈنٹ اور پرنسپل ہوتا ہے۔ آپ نے پرنسپل کو انعام دیا۔ کیس ازخود کیوں نہیں بنتا؟۔
اس کے بعد چیف جسٹس نے اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے ریاستی وکیل سے کہا کہ وہ عدالت کے اندر کیس کے دستاویزات سی بی آئی کو سونپ دیں۔ کیس کی اگلی سماعت تین ہفتوں کے لیے مقرر کی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ سی بی آئی اگلی سماعت میں تحقیقات میں پیش رفت کی رپورٹ پیش کرے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پیر کی صبح متوفی ڈاکٹر کے گھر گئی تھیں۔ گھر والوں سے بات کی اس موقع پر۔پولس کمشنر ونیت گوئل بھی موجود تھے۔ اہل خانہ سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ نے پولیس کی تفتیش کے ٹائم فریم کے بارے میں بات کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر اتوار تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتی ہے تو اس واقعہ کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دی جائے گی۔ بکاس رنجن بھٹا چاریہ نے منگل کی سماعت میں اس موضوع کو اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کو مزید وقت کیوں دیا جائے کہ فوری سی بی آئی تحقیقات کا حکم دینے کی درخواست بھی عرضی گزاروں نے کی تھی۔ چیف جسٹس نے درخواست پر سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ جمعہ کو آر جی کار میڈیکل کالج کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی چوتھی منزل سے ایک خاتون ڈاکٹر کی لاش خون آلود حالت میں برآمد ہوئی تھی۔ اس واقعہ سے ریاست میں ہلچل مچ گئی۔ آر جی کار کے جونیئر ڈاکٹروں نے قتل اور عصمت دری کے الزامات لگا کر ہڑتال شروع کی۔ بعد میں کلکتہ شہر کے تمام میڈیکل کالجوں میں ڈاکٹرس ہڑتال پر چلے گئے۔
آر جی کار میڈیکل کالج کے ڈاکٹر کے قتل کے حوالے سے کئی حقائق پہلے ہی سامنے آچکے ہیں۔ ان تمام حقائق سے واضح ہے کہ نوجوان خاتون کو وحشیانہ تشدد کرکے قتل کیا گیا۔ اس واقعے میں پولیس پہلے ہی ایک سیوک پولس کو گرفتار کر چکی ہے۔ واقعے میں کسی اور کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ ملزم کو ہفتہ کو سیالدہ کی عدالت میں پیش کیا گیا تو جج نے 14 دن کی پولیس تحویل کا حکم دیا۔ دوسری جانب آر جی کار اسپتا ل کیس کے حوالے سے متعدد مفاد عامہ کی درخواستیں ہائی کورٹ میں دائر کی گئیں۔ منگل کو چیف جسٹس کی عدالت میں اس کیس کی سماعت ہوئی۔
بنیادی طور پر عوامی مفاد عامہ کے تحت ہائی کورٹ میں تین عرضیاں دائر کی گئی تھیں۔ ان میں ایک عرضی میں اس معاملے کی آزادانہ ایجنسی سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عرضی گزاروں کی درخواست تھی کہ سی بی آئی یا کسی اور غیر جانبدار ایجنسی کو اس واقعہ کی تحقیقات سونپی جائے۔ اس کے علاوہ مدعیان نے درخواست کی ہے کہ اس واقعہ میں کون ملوث ہے اس کی فوری طور پر تحقیقات کرکے اسے منظر عام پر لایا جائے۔ وہ چاہتے ہیں کہ عدالت اس سلسلے میں ضروری ہدایات دے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔ مدعیان کے مطابق ہسپتال کی ہر منزل کے مرکزی دروازے پر سی سی ٹی وی کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا