آئی پی ایل کا فائنل چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

0
112

ممبئی، // انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 سیزن کے مکمل شیڈول کے مطابق فائنل میچ 26 مئی کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا 12 برسوں میں یہ پہلا موقع ہوگا جب چنئی آئی پی ایل فائنل کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل 2011 اور 2012 میں چنئی نے آئی پی ایل فائنل کی میزبانی کی تھی پہلا کوالیفائر 21 مئی کو احمد آباد میں اور دوسرا کوالیفائر 24 مئی کو چنئی میں کھیلا جائے گا۔ احمد آباد 22 مئی کو ہونے والے ایلیمینیٹر کی میزبانی بھی کرے گا۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 22 فروری کو آئی پی ایل کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری کیا گیا تھا، جس میں 22 مارچ سے 7 اپریل تک ہونے والے میچوں کے بارے میں معلومات دی گئی تھیں۔ دوسرا مرحلہ 8 اپریل سے شروع ہوگا۔ اس دن چنئی میں چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں 21 میچوں کا شیڈول طے کیا گیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے میں کل ملاکر 52 میچ کھیلے جائیں گے۔ ملک میں عام انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کا شیڈول دو مرحلوں میں جاری کیا گیا۔

آئی پی ایل کے رواں سیزن میں کل ملاکر 11 ڈبل ہیڈر کھیلے جانے ہیں جن میں سے دو ڈبل ہیڈر ٹورنامنٹ کے پہلے ہفتے میں ہی کھیلے جاچکے ہیں۔ 2023 کی طرح اس بار بھی ٹورنامنٹ میں شریک تمام 10 ٹیموں کو پانچ پانچ کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ لیگ مرحلے کے دوران ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر چار ٹیموں کے خلاف دو اور دوسرے گروپ میں ہر ٹیم کے خلاف ایک میچ کھیلے گی۔

چنئی کے گروپ میں گجرات ٹائٹنز، رائل چیلنجرز بنگلور، سن رائزرز حیدرآباد اور پنجاب کنگز شامل ہیں۔ جبکہ دوسرے گروپ میں ممبئی انڈینز، کولکتہ نائٹ رائیڈرز، راجستھان رائلز، دہلی کیپٹلز اور لکھنؤ سپر جائنٹس شامل ہیں۔

10 ٹیموں کے اپنے ہوم گراؤنڈز کے علاوہ، اس بار دھرم شالا، گوہاٹی اور وشاکھاپٹنم بھی بالترتیب پنجاب، راجستھان اور دہلی کے ہوم وینیوز ہیں۔ لیگ مرحلے کا آخری میچ راجستھان اور کولکتہ کے درمیان 19 مئی کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا