آئین ہماری طاقت اور ہماری جان ہے: لوک سبھا اسپیکر

0
0

مودی کی کال پر ملک کے کروڑوں خاندانوں نے ’ہر گھر ترنگا‘ کے تحت اپنے گھروں پر ہندوستان کا قومی پرچم لہرایا
یواین آئی

نئی دہلی؍؍ہندوستان کے دورے پر آئے ماریشس کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ڈوول ایڈرین چارلس نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ اس موقع پر مسٹر برلا کے دوبارہ اسپیکر کے عہدے پر فائز ہونے پر مسٹر دوول نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ مسٹر برلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ ماریشس کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر تقرری کے بعد سرکاری دورے پر ہندوستان آنے والے پہلے شخص ہیں۔ مسٹر برلا نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور مضبوط باہمی تعلقات کا عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسٹر دوول کی قیادت میں آئی پی یو جیسے بین الاقوامی پارلیمانی فورموں میں ہندوستان اور ماریشس کے درمیان تعاون مزید بڑھے گا۔
ٍ ہندوستان کے 78 ویں یوم آزادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کال پر ملک کے کروڑوں خاندانوں نے ‘ہر گھر ترنگا’ کے تحت اپنے گھروں پر ہندوستان کا قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم ترقی یافتہ ہندوستان کے مقصد کے تئیں کروڑوں ہندوستانیوں کے عزم کی علامت ہے۔ ہندوستان میں پارلیمانی جمہوریت کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آئین ملک کی طاقت اور اس کی جان ہے۔ اس حقیقت کا ذکر کرتے ہوئے کہ آج ہندوستان دنیا کی 5ویں بڑی معیشت ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 78 برسوں میں ملک میں وسیع سماجی و اقتصادی تبدیلیاں آئی ہیں۔ اس تناظر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ بات چیت اور مذاکرات سے نہ صرف بہت سے مسائل حل ہوئے ہیں بلکہ ملک کی ترقی کا سفر بھی ہموار ہو تا ہے۔
ہندوستان اور ماریشس کے درمیان پرانے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روحانیت، زبان اور ثقافت سے متعلق بہت سی مماثلتیں ہیں جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ماریشس کے لوگوں کا ہندوستانی ثقافت سے تعلق دونوں ممالک کے اتحاد اور اجتماعی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔ مسٹر برلا نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان سے ماریشس آنے والے ہزاروں سیاح دونوں ممالک کے درمیان عوام سے قریبی تعلقات کا ایک مضبوط ستون ہیں۔
لوک سبھا اسپیکر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستان اور ماریشس کے درمیان مختلف شعبوں میں شراکت داری مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم شعبوں میں مزید بڑھے گا۔ ہندوستانی پارلیمنٹ کے پارلیمانی ڈیموکریسی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ( پرائڈ ) کے بارے میں مسٹر برلا نے کہا کہ پرائڈ پارلیمانی تربیت کے میدان میں بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اب تک 100 سے زیادہ ممالک کے اراکین پارلیمنٹ اور حکام اس سے مستفید ہو چکے ہیں۔
ہندوستان اور ماریشس کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مسٹر برلا نے دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے ہندوستان اور ماریشس کے شہریوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ مشترکہ جمہوری اقدار اور نظریات کی بنیاد پر ہندوستان اور ماریشس کے درمیان باہمی تعلقات کی قربت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان مشترکہ اقدار کی بنیاد پر دونوں پارلیمانوں کو بھی آپس میں تعاون بڑھانا چاہیے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر دوول نے کہا کہ وہ ہندوستان کے ان کے دورے کے دوران ان کا جس پْرتپاک انداز سے خیرمقدم کیا گیا اس کے لیے وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے لوک سبھا اسپیکر مسٹر اوم برلا کو ان کے تاریخی دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ہندوستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر ماریشس کے عوام اور پارلیمنٹ کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ ہندوستانی انتخابی عمل کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر دوول نے الیکشن کمیشن کے منصفانہ اور شفاف کام کو سراہا۔
ہندوستان اور ماریشس کے باہمی تعلقات کو انتہائی خاص قرار دیتے ہوئے مسٹر دوول نے ماریشس کی پارلیمنٹ کو سنساد ٹی وی کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد کے لیے شکریہ ادا کیا۔ ماریشس کی پارلیمنٹ کے ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر دوول نے کہا کہ ہندوستانی پارلیمنٹ کے ڈیجیٹل پارلیمنٹ اقدام نے ماریشس میں بھی اسی طرح کے اقدامات کی راہ ہموار کی ہے۔ مسٹر دوول نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور تربیت کے شعبوں میں دونوں پارلیمانوں کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا