کشمیرمیں کنول کاپھول…جشن کیسے جائیں بھول!

0
0

بھاجپا نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا جشن منایا؛ پٹاخے سر کئے اور مٹھائیاں تقسیم کیں
مرتضیٰ اکثر /شاہ ہلال

جموں/انت ناگ/سرینگر ؍جموں ؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے ہفتہ کے روز جموں اور وادی کشمیر کے مختلف حصوں میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا جشن منایا گیا۔پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں خطہ جموں اور وادی کشمیر میں لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کرتے ہوئے جموں میں32 جبکہ وادی میں 15 میونسپلٹیاں جیتی ہیں۔ تاہم پارٹی کو خطہ لداخ میں زبردست جھٹکا لگا ہے اور پارٹی 26 بلدیاتی حلقوں میں سے ایک بھی حلقہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔ بی جے پی کارکنوں نے ہفتہ کے روز متعدد مقامات پر سڑکوں پر آکر پٹاخے سر کئے جبکہ پارٹی کے ریاستی، صوبائی اور ضلعی دفاتر پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ جموں میں پارٹی کے ریاستی صدر دفتر ترکوٹہ نگر میں ریاستی اکائی کے صدر رویندر رینہ کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے بلدیاتی انتخابات کی جیت کا جشن منایا، جبکہ وادی کشمیر میں بھاجپا کارکنوں کی جانب سے صوبائی دفتر سری نگر کے علاوہ جنوبی کشمیر کے قصبہ اننت ناگ میں جشن منایا گیا۔ اس کے علاوہ جموں بھر میں متعدد مقامات پر بی جے پی کارکنوں نے سڑکوں پر نکل کر پٹاخے سر کئے اور بی جے پی، وزیراعظم نریندر مودی اور پارٹی کے قومی صدر امت شاہ کے حق میں نعرے بازی کی۔ بی جے پی کے ترکوٹہ نگر دفتر پر پارٹی کارکنوں کے جشن کے حاشئے پر ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا ’بی جے پی جموں میں ہی نہیں کشمیر میں بھی جیتی ہے۔ جموں میں ہم اپنا میئر بنائیں گے۔ متعدد میونسپل کمیٹیوں میں ہم اپنے چیئرمین بنائیں گے‘۔ بی جے پی ممبر اسمبلی اور سابق ریاستی صدر ست شرما نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی جیت وزیر اعظم نریندر مودی کی جیت ہے۔ ان کا کہنا تھا ’یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جیت ہے۔ لوگوں نے کھلے ذہن سے بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالے ہیں۔ ہم نے ترقی کے وعدے پر انتخابات لڑا اور ہم ترقی کو ہر حال میں یقینی بنائیں گے‘۔ بھاجپا ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہا ’بی جے پی نے آج لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کی ہے۔ میں بی جے پی کے سبھی کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج جب مشینیں کھولی گئیں تو ان سے کنول کے پھول ہی پھول نکلے۔ کانگریس کا صفایا ہوگیا ہے۔ جموں میں ایک بھی میونسپلٹی کانگریس کے کھاتے میں نہیں گئی ہے۔ یہ دکھاتا ہے کہ لوگوں میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بھاجپا صدر امت شاہ کے تئیں کتنا پیار ہے‘۔ اس موقع پر ’بھارتیہ جنتا پارٹی زندہ باد، نریندر بھائی مودی زندہ باد اور بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے بلند کئے گئے۔ جنوبی کشمیر کے قصبہ اننت ناگ میں بی جے پی کارکنوں نے سڑکوں پر نکل کر پٹاخے سر کئے اور جیت کا جشن منایا۔ بی جے پی کے ایک لیڈر نے جشن کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ پارٹی کی جانب سے جنوبی کشمیر میں 9 میونسپل کمیٹیوں میں اپنی حکومت بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ’بی جے پی نے جنوبی کشمیر میں 9 کمیٹیاں بنائی ہیں۔ اننت ناگ میں ہم تقریباً ہر ایک جگہ جیت چکے ہیں‘۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا