یہ ہمارا مطالبہ بھی ہے اور پارلیمنٹ میں ایک قرار داد بھی منظور کی گئی ہے: اشوک کول
یواین آئی
سری نگر؍؍بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ پاکستان زیر قبضہ کشمیر کو جموں وکشمیر کے ساتھ جوڑنے کے لئے کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا مطالبہ بھی ہے اور اس سلسلے میں پارلیمنٹ میں ایک قرار داد بھی منظور کی گئی ہے۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں جواہر نگر میں واقع پارٹی دفتر پر یوم الحاق کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’آج کا دن ہمارے لئے خوشی کا دن ہے اسی دن مہاراجہ ہری سنگھ نے ملک کے ساتھ الحاق کیا تھا‘۔ان کا کہنا تھا: ’ہم مانتے ہیں کہ اب پاکستان زیر قبضہ کشمیر کوچھڑوانا ہے اور اس کو جموں وکشمیر کے ساتھ جوڑنا ہے اور 1947 کا جموں وکشمیر بنانا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا مطالبہ بھی ہے اور اس سلسلے میں پارلیمنٹ میں ایک قرار داد بھی منظور کی گئی ہے۔
مسٹر کول نے کہا کہ بی جے پی کے تمام کارکنوں نے آج یہاں دفتر میں خوشی منائی آج ہی کے دن جموں وکشمیر کا بھارت کے ساتھ الحاق ہوا تھا۔انہوں نے کہا: ’جو کچھ بچا تھا اس کو ہم نے پانچ اگست 2019 کو پورا کیا‘۔موصوف جنرل سکریٹری نے یوم الحاق پر تعطیل رکھنے کے لئے سرکار کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا: ’یوم الحاق پر سرکاری تعطیل رکھی گئی ہے جس کے لئے میں سرکار کا مشکور ہوں‘۔
حالیہ حملوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا:’یہ حملے الیکشن سے قبل جموں خطے میں ہو رہے تھے اور اب کشمیر میں ہو رہے ہیں ہم ان کی سخت مذمت کرتے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ جو عناصر ان میں ملوث ہیں ان کو سخت جواب دیاجائے گا۔