پانچ اگست2019ئکے فیصلے کے خلاف اسمبلی میں پاس ہوئی قرارداددِلی اوردُنیاکوایک واضح پیغام
مختار احمد
گاندربل؍؍وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے فیصلے پر جموں کشمیر اسمبلی میں پاس کی گئی قراردادمرکز اور دنیا کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ جموں کشمیر کے لوگ کیا چاہتے ہیں اور یہ فیصلہ انہیں منظور نہیں ہے۔وزیر اعلی عمر عبداللہ آج حالیہ اسمبلی انتخابات میں اپنی جیت کے بعد بحیثیت وزیر اعلی گاندربل کے پہلے دورے پر تھے جس دوران انہوں نے پاری بل ٹاکنواری میں ایک پل کا سنگ بنیاد رکھا جو شیر پتھری علاقوں کو ٹاکنواری سے سری نگر سے جوڑے گا۔انہوںنے اس موقع پر کہا کہ اب باتوں کا وقت ختم ہوچکا ہے اور اب کام کرنے کا وقت ہے۔
https://x.com/OmarAbdullah
اس موقعے پر عوامی جلسے سے اپنے خطاب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ جو فیصلہ پانچ اگست 2019 ئکو مرکزی سرکار نے کیا تھا وہ ہمیں کسی بھی صورت میں منظور نہیں ہے اور یہ فیصلہ ان کی مرضی اور بغیر کسی مشورے کے لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے موجودہ سیشن میں دفعہ 370 کی منسوخی پر جو قرارداداسمبلی میں پاس ہوئی اس سے مرکزی سرکار اور دنیا کو ایک واضح پیغام گیا کہ یہاں کی عوام کیا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز کو اب ہم سے اس حوالے سے بات کرنی ہوگی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ کچھ لوگوں نے انہیں اسمبلی کے پہلے دن ہی یہ ریزولیوشن نہ لانے پر تنقید کا نشانہ بنایا تاہم انہوں نے کہا کہ ہم قاعدے اورقانون جانتے ہیں کہ کب کیا کرنا ہے اور اگر ہم نے پہلے ہی دن یہ ریزولیوشن لایا ہوتا تو اس کو مرکز ردی کی ٹوکری میں ڈالتا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا بلکہ مرکز کو اس پر غور کرنا ہوگا۔
عمر عبداللہ نے کہا جو وعدے انہوں نے اپنے انتخابات کے دوران کئے ان کا ذکر ایل جی منوج سنہا نے حالیہ اسمبلی سیشن کے اپنے تقریر میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ طالب علموں کے امتحانات سیشن میں بھی تبدیلی لائی گئی۔عمر عبداللہ نے کہا کہ گاندربل کے عوام نے ایک بار پھر بھروسہ کیا اور وہ اس بھروسے کو نہیں ٹوٹنے دیں گے۔انہوں نے کہا وہ فتح پورہ گاندربل میں ریسٹ ہائوس میں اپنا ایک آفس قائم کریں گے جہاں ہفتے میں ایک دن وہ موجود رہیں گے جبکہ ان کے مشیر ناصر اسلم اور مبشر شاہ بھی ہفتے میں ایک ایک دن لوگوں کی مسائل سنیں گے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کی سرکار یوٹی کی دونوں خطوں کے یکساں ترقی کے متمنی ہیں اور وہ ہر صورت میں عوام کو بنیادی سہولیات دستیاب رکھیں گے۔اس موقعے پر پر نائب وزیر سریندر چودھری ،ناصر اسلم وانی،شیخ غیاس الدین،ڈی ڈی سی چیر پرسن نزہت اشفاق،ڈی ڈی سی ڈپٹی چیئر پرسن بلال احمد کے علاوہ کئی صوبائی اور ضلعی افسران بھی موجود تھے۔