جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچا

0
338

نارتھ ساؤنڈ،//تبریز شمسی (تین وکٹ) اور دیگر گیند بازوں کی شاندار کارکردگی اور اس کے بعد ٹرسٹن اسٹبس (29) اور ہینرک کلاسن (22) کی اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے ٹی-20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ گروپ دو کے بارش سے متاثرہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 136 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جنوبی افریقہ کی اننگ میں بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس رول کے تحت تین اوور کم کرکے 17 اوورز میں 123 رنز کا ہدف کر دیا گیا۔ جسے جنوبی افریقہ نے 16.1 اوورز میں 7 وکٹوں پر 124 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔
ویسٹ انڈیز نے روسٹن چیز (52) کی نصف سنچری اور کائل میئرز کی (35) کی اننگز کی بدولت آٹھ وکٹ پر 135 رنز بنائے تھے۔ روسٹن نے 39 گیندوں میں 52 رنز کی شاندار نصف سنچری اننگ کھیلی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں یہ ان کی پہلی اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی دوسری نصف سنچری ہے۔ آندرے رسل (25) اور الزاری جوزف (11) نے ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے چھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مارکو جانسن، ایڈن مارکرم، کیشو مہاراج اور کاگیسو ربادا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ دو اوورز کے بعد بارش آنے سے جنوبی افریقہ ٹیم کو 17 اوورز میں 123 کا نظرثانی شدہ ہدف ملا۔ ایک وقت جنوبی افریقہ نے 42 کے اسکور تک اپنے تین وکٹ گنوادئے تھے۔ ریزا ہینڈرکس (0)، کوئنٹن ڈی کاک (12) اور کپتان ایڈن مارکرم (18) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ٹرسٹن اسٹبس 27 گیندوں میں (29)، ہینرک کلاسن 10 گیندوں میں (22) اور مارکو جانسن نے 14 گیندوں میں ناقابل شکست (21) رنوں کی اننگ کھیلی۔ جنوبی افریقہ نے 16.1 اوور میں سات وکٹوں پر 124 رنز بناکرمیچ تین وکٹ سے جیت لیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ آندرے رسل اور الزاری جوزف نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا