ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ کا احتجاجی دھرنا ابھی تک خروس بے ہنگام

0
0

صوبائی کمشنر کے ساتھ ملاقات بھی رہی ناکام، احتجاجی دھرنا ہنوز جاری

محمد اشفاق/ بابر فاروق

کشتواڑ؍؍ضلع کشتواڑ میں نو تشکیل شدہ ضلع ترقیاتی کونسل کے ارکان ترقیاتی چیئرپرسن سمیت پچھلے دو ہفتوں سے دھرنا لگائے بیٹھے ہیں، لیکن یہ احتجاجی دھرنا ابھی تک خروس بے ہنگام کے مصداق بالکل بے نتیجہ اور بے اثر رہا ہے ، اور ابھی تک اس احتجاجی دھرنے کے دوران انتظامیہ کے سامنے رکھے گئے مطالبات کو انتظامیہ کی جانب سے تسلیم کئے جانے کے دور دور تک امکانات نظر نہیں آرہے ہیں۔ دھرنے پر بیٹھی ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئر پرسن پوجا ٹھاکر اس بات کی منتظر ہیں کہ کب ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کر لیا جائے گا، لیکن انتظامیہ ہے کہ اس پر ایک نہیں بلکہ چار چار خواتین کے دھرنے پر بیٹھنے کا بھی کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔ اس احتجاجی دھرنے پر بیٹھنے والوں میں سے زیادہ تر تعداد خواتین کی ہے جن میں ڈی ڈی سی کونسلر بونجواہ آمنہ چوہدری کے علاؤہ، نائب ضلع ترقیاتی چیئرپرسن، اور دیگر کئی خواتین بھی شامل ہیں۔اس احتجاجی دھرنے کا مقصد واضح طور پر یہی ہے کہ ضلع کشتواڑ میں زیر تعمیر پن بجلی پاور پراجیکٹس میں مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا، لیکن انتظامیہ کیلئے یہ چھوٹا سا مطالبہ بھی بھاری بھرکم بوجھ سے کم نہیں، اس لئے انتظامیہ بھی اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔حالانکہ جسٹس حسنین مسعودی نے اس بات کا ذکر پارلیمنٹ میں بھی کیا تھا لیکن ان کی آواز بھی نقار خانے میں طوطی کی آواز بن کر رہ گئی۔واضح رہے کہ ضلع ترقیاتی چیئرپرسن کا یہ احتجاجی دھرنا پچھلے دو ہفتوں سے جاری ہے، ڈنگڈورو کے مقام پر چند دن دھرنے پر بیٹھے کے بعد یہ احتجاجی دھرنا ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر لگایا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن پوجا ٹھاکر کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے ضلع کشتواڑ کی تمام تر سیاسی و سماجی جماعتوں نے انہیں حمایت دینے کا اعلان کر دیا ہے، انہیں حمایت دینے کا اعلان کرنے والوں میں، واصل ڈولوال، ونیت ٹھاکر اعجاز احمد نائک، اور کشتواڑ ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی و سماجی رہنما بھی شامل ہیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا