نئی دہلی، // دہلی کے وزیر خزانہ منیش سسودیا نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں میں کاروبار اور معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے بعد اس سال کے بجٹ میں معیشت کو پٹری پر لانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
مسٹر سسودیا نے آج عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کرکے بجٹ سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ دہلی بجٹ 2022-23 بہت خاص ہوگا اور دہلی کی معیشت اور ترقی کو تیز کرنے کے نقطہ نظر سے کافی اہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ دہلی کے لوگوں کی ہر ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے گا اور تمام دہلی والوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کئی مطالعات کے ذریعے حکومت کی طرف سے یہ سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کورونا کے اس مشکل وقت میں کون سے منفرد طریقے اپنائے جائیں جس سے نہ صرف دہلی کی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں میں کاروبار اور معیشت کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ اس سال کے بجٹ میں معیشت کو پٹری پر لانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ دہلی کا بجٹ 2022-23 صنعتی ترقی کے لیے بھی بہت اہم ہوگا۔ اس بجٹ میں کیجریوال حکومت دہلی کو کاروباری مرکز کے طور پر ترقی دینے پر بھی توجہ دے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دہلی کے بجٹ 2022-23 میں تعلیم، صحت، بجلی، پینے کا صاف پانی سمیت عوامی فلاح و بہبود کی مختلف اسکیموں اور بنیادی ضروریات کے شعبے پر پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت دہلی کے لوگوں کی تمام ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بجٹ تیار کر رہی ہے جس سے انہیں کورونا کے دوران معاشی بحران سے نکلنے میں مدد ملے گی۔