سینئرصحافی عمران خان پہ قاتلانہ حملہ،صحافیوں کاراجوری میں احتجاج

0
0

دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے ٹھیکیدار کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج:پولیس
ملوثین کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے :انجمن اردو صحافت
شیراز چوہدری
راجوری؍؍راجوری کے صحافیوں نے ہفتہ کے روز پریس کلب راجوری کے بینر تلے گجر منڈی چوک کو بلاک کر کے دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے خلاف زبردست احتجاج کیا جو راجوری تھنہ منڈی روڈ کے ڈبل لین کے کام میں مصروف ہے۔اس موقع پر صدر پریس کلب راجوری اویناش جسیال اور چیئرمین عارف قریشی کی قیادت میں صحافیوں نے مذکورہ کمپنی کے ٹھیکیدار کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی اور کمپنی کے خلاف نعرے بازی کی۔وہیں میڈیا باڈی نے تھنہ منڈی سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی عمران خان پر حملے میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے جس پر دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے غنڈوں نے حملہ کر کے زخمی کر دیا جب عمران اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری نبھا رہے تھے۔اس ضمن میں صدر اویناش جسیال نے کہا کہ صحافی عمران پر حملہ ایس ڈی ایم اور تحصیلدار تھنہ منڈی کی موجودگی میں کیا گیا لیکن پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔ جسیال نے صحافیوں پر حملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور حفاظتی اقدامات اور تحفظ کے ساتھ ساتھ اہم خبروں کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے خلاف حملوں کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔دریں اثناء چیئرمین عارف قریشی نے کہا کہ جسمانی تشدد سے لے کر جھوٹی کارروائی تک صحافیوں کو اپنے کام کرنے کی کوشش میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے مزید کہاکہ پچھلے سالوں میں ان حملوں میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے اور ہم عمران پر حملہ کرنے والوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔دریں اثناء تقریباً ایک گھنٹے کے احتجاج کے بعد اے ایس پی راجوری وویک شیکھر شرما جائے وقوعہ پر پہنچے اور بتایا کہ دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے ٹھیکیدار کے خلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ زیر سیکشن 307درج کیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹی روانہ کردی گئی ہے۔وہیںانجمن اردو صحافت جموں وکشمیر، خطہ پیر پنچال کے ضلع راجوری میں سینئر صحافی عمران خان کو پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کے دوران زد کوب کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتی ہے۔انجمن اردو صحافت مطالبہ کرتی ہے کہ سینئر صحافی پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔کیوں کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون اور سرکار اور عوام کے درمیان ایک اہم پل ہے یہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافی اور پیشہ ورانہ صحافت مخالف عناصر کے خلاف کارروائی کریں۔انجمن اردو صحافت اپنے ساتھی کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا