کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت
یواین آئی
کلکتہ ؍؍سی بی آئی بنام کلکتہ پولس کی جنگ میں سپریم کورٹ نے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کی جانچ میں کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار کو تعاون کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے میگھالیہ کی راجدھانی شیلانگ میں سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے ۔تاہم عدالت عظمی نے واضح کردیا ہے کہ جانچ ایجنسی راجیو کمار کو گرفتار نہیں کرسکتی ہے ۔چیف جسٹس رنجن گگوئی کی قیادت والی تین ججوں کی بنچ نے سی بی آئی کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں سی بی آئی جانچ میں تعاون کرتے ہوئے جانچ ایجنسی کے سامنے پیش ہوں۔عدالت نے کہا کہ راجیو کمار شیلانگ میں سی بی آئی کے سامنے پیش ہوں گے ۔تاہم عدالت نے کہا کہ سی بی آئی راجیو کمار کو گرفتار نہیں کرسکتی ہے ۔عدالت نے سی بی آئی کے توہین عدالت کی عرضی پر بنگال کے چیف سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولس کو 18فروری تک حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اگلی سماعت کیلئے 20فروری کی تاریخ مقرر کی ہے ۔عدالت نے کہا کہ چیف سیکریٹری، ڈی جی پی اور کلکتہ پولس کمشنرکے ذاتی پیشی سے متعلق فیصلہ 20فروری کی سماعت کے بعد کیا جائے گا اگر ضرورت پڑی تو ان تینوں کو ذاتی طور پر عدالت میں طلب کیا جاسکتا ہے ۔عدالت کے فیصلے کے فوری بعد وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ راجیوکمار کبھی بھی سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے سے انکار نہیں کیا ہے ۔بلکہ راجیو کمار ہمیشہ غیر جانب دار مقام پر سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کو تیار تھے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی بی آئی کے افسران راجیو کمار کو گرفتار کرنے کیلئے ان کے گھر گئے تھے ۔سی بی آئی کے افسران کسی نوٹس کے بغیر راجیو کمار کے گھر اچانک بڑی کارروائی کرنے کیلئے پہنچ گئے تھے ۔ہمیں خوشی ہے کہ اب عدالت نے واضح کردیا ہے کہ سی بی آئی پولس کمشنر راجیو کمار کو گرفتار نہیں کرسکتی ہے ۔سوموار کو چیف جسٹس رنجن گگوئی، جسٹس دیپک گپتا اورجسٹس سنجیوکمار پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سی بی آئی کی عرضی پر سماعت کرنے کو رضامندی دیتے ہوئے منگل کی تاریخ مقرر کی تھی۔سی بی آئی نے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے کی جانچ میں کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار تعاون نہیں کررہے ہیں اور شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے کے شواہد بھی تلف کیے جارہے ہیں۔ اس پر عدالت نے جانچ ایجنسی کو ہدایت دی تھی کہ وہ عدالت کے سامنے سارے ثبوت پیش کریں۔سپریم کورٹ میں حلف نامہ پیش کرتے ہوئے جانچ ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کی جانچ کے دوران کئی ایسے شواہد ملے ہیں جس کے مطابق اس گھوٹالے میں سینئر افسران اور کئی سینئر لیڈر کے ملوث ہونے کا پتہ چلتا ہے ۔جانچ ایجنسی نے بتایا کہ مغربی بنگال حکومت نے گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد پولس آفیسر راجیو کما کی قیادت میں ایس آئی ٹی بنائی تھی۔ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ ایس آئی ٹی نے جانچ کے دوران کلیدی ملزمان کے خلاف کئی اہم ثبوت جمع کیے تھے ۔جانچ ایجنسی نے سپریم کورٹ سے کہا کہ ایس آئی ٹی نے جانچ کے دوران جو اہم ثبوت جمع کیے تھے اسے سازش کے تحت تلف کیا جارہا ہے ۔سپریم کورٹ کی ہدایت پر یہ جانچ اب سی بی آئی کررہی ہے اس لیے ایس آئی ٹی کو یہ تمام ثبوت اور شواہد مرکزی ایجنسی کے حوالے کرنا چاہیے مگر اس سے بھی پہلو تہی کی جارہی ہے ۔مرکزی جانچ ایجنسی نے سوموار کو سپریم کورٹ میں مغربی بنگال کے چیف سیکریٹری، ڈائریکٹر جنرل آف پولس اور کلکتہ پولس کمشنر کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ دائر کیا تھا کہ عدالت کی ہدایت پر جانچ کررہی سی بی آئی کو کام کرنے سے روکا گیا ہے ۔چیف جسٹس کی قیادت والی بنچ نے کہا کہ کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار کو جانچ ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دینے میں کوئی دشواری نہیں ہے ۔اس کے علاوہ عدالت ان تینوں افسران کو توہین عدالت معاملے میں نوٹس جاری کرتی ہے ۔مغربی بنگال کے وکیل اے ایم سنگھوی نے سی بی آئی کی جلدبازی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں جانچ ایجنسی نے کوئی مقدمہ دائر نہیں کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تعجب کی بات یہ ہے کہ آئی پی سی کی دفعہ 201(ثبوتوں کو تلف کرنا)کے تحت جانچ ایجنسی کو گزشتہ پانچ سالوں میں راجیو کمارکے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ضرورت کیوں نہیں محسوس کی۔اس کے جواب میں عدالت نے کہا کہ مجھے یہ بات سمجھ میں نہیں آرہی ہے کہ آخر آپ کیوں کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمارسے سی بی آئی کی پوچھ تاچھ کی مخالفت کررہے ہیں۔سی بی آئی نے کہا کہ ان کے پاس راجیوکمار کے خلاف پختہ ثبوت ہیں جو ان کے خلاف سمن جاری کرنے کیلئے کافی ہیں۔سی بی آئی نے عدالت میں کہا کہ وہ راجیو کمار کو متعدد مرتبہ پوچھ تاچھ کیلئے سمن جاری کرچکے ہیں مگر وہ پیش نہیں ہوئے بلکہ ان کے اشاروں پر ثبوتوں کے ساتھ چھیڑخوانی کی جارہی ہے ۔جانچ ایجنسی نے کہا کہاکہ راجیو کمار کے عدم تعاون سے متعلق ڈی جی پی بنگال کو بھی آگاہ کیاجاچکا ہے مگر ڈی جی پی نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی۔سی بی آئی نے کہا کہ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کی جانچ میں مغربی بنگال بنگال حکومت کے مختلف محکمات کی جانب سے کوئی تعاون نہیں مل رہا ہے ۔سی بی آئی اور کلکتہ پولس کے درمیان تکرار اس وقت سیاسی شکل اختیار کرلیا جب خود وزیرا علیٰ ممتا بنرجی راجیو کمار کے گھر پہنچ گئیں اوران کے گھر میں ہی ایک گھنٹے تک میٹنگ کرنے کے بعد مرکزی حکومت اور سی بی آئی کے خلاف کلکتہ کے میٹرو چینل پر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ممتا بنرجی کے دھرنے کا مختلف اپوزیشن جماعتوں بشمول سماجوادی،ڈی ایم کے ، چندر ا بابو نائیڈرو، فاروق عبد اللہ، مایاوتی، تیجسوی یادو اور راہل گاندھی نے حمایت دینے کا اعلان کیا۔سوموار کو سپریم کورٹ نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یہ ثابت ہوگیا کہ کلکتہ پولس کمشنر نے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے کے شواہدکو تلف کرنے کی کوشش کی ہے تو عدالت سخت کارروائی کرے گی۔