سانبہ میں2 لاکھ سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے: بی جے پی 

0
77
یواین آئی
جموں؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ 3 فروری کو ضلع سانبہ کے وجے پور میں وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسے میں 2 لاکھ سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ ریاست میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ رویندر رینہ نے یہ باتیں جمعہ کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی جہاں 3 فروری کو ریاست کے تینوں خطوں کشمیر، جموں اور لداخ کا دورہ کرکے 44 ہزار کروڑ روپے مالیت کے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے، وہیں وہ وجے پور میں جلسے سے خطاب کرکے ریاست میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ رویندر رینہ نے کہا ’اگرچہ ہمارے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو جی اس پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے تھے، تاہم وہ موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں آسکے۔ تین فروری کو وزیر اعظم مودی ریاست کے دورے پر آنے والے ہیں۔ وہ ریاست کے تینوں خطوں کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کے دورہ جموں وکشمیر پر بی جے پی نے ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا ہے۔ اس جلسے میں دو لاکھ سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے‘۔ انہوں نے کہا ’یہ عظیم الشان جلسہ سانبہ کے وجے پور جہاں ایمز اسپتال بنے گا، میں منعقد ہوگی۔ یہ جلسہ صبح کے گیارہ بجے شروع ہوگا۔ اس جلسے میں ریاست کے مختلف حصوں سے لوگوں نے جموں پہنچنا شروع کیا ہے۔ یہ ایک تاریخی جلسہ ہوگا‘۔ انہوں نے کہا ’وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران 44 ہزار کروڑ روپے مالیت کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے یا ان کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ 44 ہزار کروڑ روپے مالیت کے پروجیکٹوں میں سے 35 ہزار کے پروجیکٹ جموں ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے نعرے سب کا ساتھ سب کا وکاس کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ یہ ہم سب کے لئے فخر کی بات ہے‘۔ وزیر اعظم مودی نے گذشتہ برس مئی میں تینوں خطوں کشمیر، لداخ اور جموں میں اجتماعات سے خطاب کیا تھا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا