’ہم کسی کو چھیڑتے نہیں ہیں، لیکن چھیڑا تو چھوڑتے نہیں ہیں‘

0
61

قومی سلامتی کے لیے کوئی بھی اقدام کرنے میں جھجھک نہیں کرے گا ہندوستان:مودی
یواین آئی

نئی دہلی؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پاکستان کا نام لیے بٖغیر سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے دفاع کے میدان میں اپنی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے اور قومی سلامتی کے لیے وہ کوئی بھی اقدام کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ مسٹر مودی نے یہاں دہلی چھاؤنی میں واقع کرِپَّا پریڈ گراؤنڈ میں این سی سی یوم جمہوریہ کیمپ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے معیشت اور دفاع کے میدان میں اپنی اہلیت میں اضافہ کیا ہے ۔ فوج نے سرحد پار کی گئی سرجیکل اسٹرائک کا بالواسطہ طور پر ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے ۔‘ ہم کسی کو چھیڑتے نہیں ہیں، لیکن چھیڑا تو چھوڑتے نہیں ہیں’۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ضروری ہونے پر اور بھی سخت فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان امن کا سخت ترین حامی ہے لیکن قومی سلامتی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس بابت ہم کوئی بھی قدم اٹھانے میں جھجھک نہیں کریں گے ۔حکومت قومی سلامتی کے معاملے میں سخت فیصلے کرتی رہے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے ان چنندہ ممالک میں شامل ہو گیا ہے جوفوج ، بحریہ اور فضائیہ، تینوں جگہ سے ایٹمی حملے اور اپنی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ رافیل جنگی طیارے کے سودے کے سلسلے میں اپوزیشن کے ذریعے اٹھائے گئے سوالات کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے دہائیوں سے زیر التویٰ جنگی طیاروں کے سودے کو عملی جامہ نہیں پہنایا ۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں ہی ہیلی کاپٹر، ٹینک، میزائل اور گولے بارود بنائے جا رہے ہیں۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت میں بدعنوانی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا اور کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اگر وہ بد عنوانی کرتا ہے تو بچ نہیں پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فائلوں اور فیصلوں کی بولی لگانے والوں کے صفائے میں ایمانداری سے مصروف ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان بڑے خواب دیکھیں اور خواہشات کو پایہ تکمیل پہنچائیں۔ حکومت کندھے سے کندھا ملاکر ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ حکومت ہر طرح کی عدم مساوات کو دور کرکے لائق، محنتی اور خود اعتماد طلبا کی کامیابی کے لیے پورا اقدام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وی آئی پی تہذیب کو ختم کرکے ای پی آئی ‘ایوری پرسن امپورٹنٹ’ یعنی ہر شخص اہم ہے کی تہذیب پر عمل پیرا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ خواتین کی طاقت کو ہر سطح پر فروغ دیا جا رہا ہے اور ان کے آگے بڑھنے کے لیے اچھا ماحول بنایا جا رہا ہے ۔ ملک کی بیٹیاں جنگی طیارے اڑا رہی ہیں اور اب انھیں فوج میں مزید طاقتور بنانے کے لیے فوج پولیس میں ان کی حصہ داری 20 فیصد کی جا رہی ہے ۔ اس مرتبہ یوم جمہوریہ کے پریڈ میں مردو ں کے دستے کی قیادت ملک کی ایک بیٹی نے کی، یہ فخر کی بات ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چار برسوں میں ان کی حکومت نے قومی ورثے کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے دہلی میں کئی عظیم شخصیتوں کی یادگاریں قائم کی ہیں۔ نوجوان کیڈٹوں کو ان یادگاروں پر جاناچاہیے ۔ وہاں جانے سے انھیں معلومات حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لمبے عرصے سے ‘قومی جنگی یادگار’ کا انتظار ہو رہا تھا۔ ان کی حکومت نے اسے پورا کیا ہے اور آئندہ ماہ اس کا افتتاح کیا جائے گا۔ یہ یادگار آزادی کے بعد ملک کے لیے شہید ہونے والے فوجیوں کے لیے عظیم خراج عقید ت ہوگی۔ ‘قومی پولیس یادگار’ کا بھی حال ہی افتتاح کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹوں کے جوش و جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نظم و ضبط اور بے لوثی سے حکومت کی کئی اہم منصوبوں کو کامیاب بنانے میں اپنا کردارادا کیا ہے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا