کہاحکومت دفاعی شعبے میں جدید کاری اور صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ حکومت دفاعی شعبے میں جدید کاری اور صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے نتیجے میں گزشتہ پانچ برسوں میں ملک کی دفاعی برآمدات میں 334 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور ہندوستان اب 75 فیصد سے زیادہ ممالک کو ایکسپورٹ بھی کر رہا ہے۔مسٹر سنگھ نے آئندہ مارچ میں گجرات کے گاندھی نگر میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش 2022 سے قبل پیر کیروز یہاں مختلف ممالک کے سفیروں کے ساتھ ایک گول میز میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے دفاعی سازوسامان کے درآمد کنندہ کا رول مسلسل بدل رہا ہے اور دفاعی شعبے میں برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسلح افواج کی جدید کاری ، اعلیٰ معیار اور سستے ہتھیاروں کے نظام اور پلیٹ فارم تیار کرنے کی سمت میں کئی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا ’’ ہماری دفاعی برآمدات میں گزشتہ پانچ سالوں میں 334 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب ہندوستان 75 سے زائد ممالک کو برآمدات کر رہا ہے۔ برآمدات کے شعبے میں ہماری کارکردگی ہمارے دفاعی سازوسامان کی مسابقت اور معیار کے بارے میں مضبوط اشارہ دیتی ہے‘‘۔ وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت دفاعی شعبے میں جدید کاری اور صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ سال 2021-22 کے سالانہ بجٹ میں دفاعی اسکیم میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 18.75 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ 15 برسوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ وہ تمام دوست ممالک کو یقین دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ ہندوستان اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج کولیکٹو سکیورٹی سسٹم کے تئیں پابند عہد ہے۔ اس میں یہ امن وامان میں خلل ڈالنے والوں اور حملہ آوروں سے مل کر نمٹنے کی بات کہی گئی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پچھلی دفاعی نمائشوں میں حاصل کی گئی حصولیابیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے اس مرتبہ کی نمائش میں بڑی تعداد میں شرکاء اور غیر ملکی اور ہندوستانی کمپنیاں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کی حصہ داروں اور نئے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات میں خیالات کے باہمی تبادلے سے تعلقات مضبوط ہوتے ہیں اور سب ایک دوسرے کے مفادات کو سمجھتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ دفاعی نمائش 2022 دنیا کو گزشتہ پانچ سے سات برسوں میں ہندوستان کے دفاع اور تحقیق ، پیداوار ، جدید ٹیکنالوجی اور فلاحی پالیسیوں کی جھلک دکھائی دے گی۔ اس نمائش میں مختلف ممالک کی شرکت سے باہمی فائدہ مند تعلقات کو تقویت ملے گی۔ ہندوستان باہمی فائدے اور مفادات کے تحفظ کی بنیاد پر کاروبار کرنے کے لیے تیار ہے ، جس سے سبھی کو فائدہ ہو سکے۔