ان ٹارگٹ کلنگ کا مقصد لوگوں میں خوف پھیلانا اور کشمیر کو اسلامائز کرنا ہے:رمیش رینا
یواین آئی
نئی دہلی؍؍جموں و کشمیر میں کشمیری پنڈتوں اور سکھوں کو نشانہ بناکر ہورہے تشدد سے فکرمند کشمیری پنڈتوں کی تنظیم آل انڈیا کشمیری سوسائٹی نے مرکزی حکومت سے آج مانگ کی کہ کشمیر وادی کی اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پختہ قدم اٹھائے جائیں۔یہ مطالبہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ آل انڈیا کشمیری سماج کے صدر رمیش رینا نے یہاں ایک تقریب میں مقامی دہشت گرد تنظیم ٹی آر ایف کو حالیہ پرتشدد واقعات کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ ان ٹارگٹ کلنگ کا مقصد لوگوں میں خوف پھیلانا اور کشمیر کو اسلامائز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حامی طبقہ اب بھی وادی میں سرگرم ہے۔فوج کی شمالی کمان کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل عطا حسنین نے کہا کہ 1990 کے واقعات اس لئے ہوئے کیونکہ بھارت اس وقت بہت کمزور تھا اور اب صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ حکومت بہت مضبوط ہے لیکن پھر بھی ابھی ہونے والی ہلاکتوں کے پس پردہ مقصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قتل اس لیے ہوئے ہیں کیونکہ ہمارے دشمن کشمیر کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ جب تک اکثریتی طبقہ اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری نہیں لے گا حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔