جو بھی جموں وکشمیر میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا
کہاجے اینڈ کے پولیس یو ٹی کے لوگوں کی خدمت اور حفاظت کیلئے وقف،دہشت گردی کے خلاف مل کر بات کریں، سول سوسائٹی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں سے ایل جی کی اپیل
یواین آئی
سرینگر؍؍جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ عام شہریوں اور اقلیتی فرقے کے لوگوں کے قتل میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹنسی کی جڑوں کو جموں و کشمیر کی سرزمین سے اکھاڑنے آرام نہیں کیا جائے گا۔ان کا ہمسایہ ملک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو بھی جموں وکشمیر میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں آرمڈ پولیس کمپلیکس زیون میں پولیس یاد گار دن کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’پولیس اور دوسرے سیکورٹی فورسز امن کی فضا کے قیام کے لئے قابل ستائش کام کر رہے ہیں چاہئے وہ کورونا وبا کے خلاف لڑائی ہو، کورونا گائیڈ لائنز پر عمل در آٓمد کو یقینی بنانا ہو، امن و قانون کے قیام کو ممکن بنانا ہو یا ملی ٹنسی کے خلاف مقابلہ کرنا ہو، پولیس پہلی صف میں کھڑا ہوتی ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’جموں و کشمیر پولیس یونین ٹریٹری میں ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں اپنی صلاحیتوں کے باعث مشہور ہے‘۔انہوں نے کہا: ’ذمہ داری کا دوسرا نام جموں وکشمیر پولیس ہے‘۔مسٹر سنہا نے کہا کہ عام شہریوں اور اقلیتی فرقے کے لوگوں کے قاتل امن کے دشمن ہیں اور انہیں ان بہیمانہ حرکات کی قیمت چکانا پڑے گی۔انہوں نے کہا: ’انتظامیہ اور پولیس کسی بھی طاقت کو جموں و کشمیر کے بھائی چارے کی روایت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی‘۔ان کا کہنا تھا: ’عام شہریوں اور اقلیتی فرقے کے لوگوں کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ملک کی خود مختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے والی قوتوں کو مناسب جواب دیا جائے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے سول سوسائیٹی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف مل کر بات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میں شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ جموں و کشمیر حکومت ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ دہشت گرد حملوں میں اپنی جانیں گنوا دینے والے عام شہریوں ، پولیس اہلکاروں اور فرنٹ لائین ورکرز کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے کووڈ سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جیسا کہ پورا ملک ’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘ منا رہا ہے، ہمیں اَپنے پولیس اہلکاروں کی بہادری اور قربانیوں کی کہانیوں کو آگے پہنچانا چاہیئے۔اُنہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے پولیس کو عام لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے ، جموںوکشمیر یوٹی میں اتحاد اور بھائی چارے کی حفاظت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو ہماری پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے ان کے لئے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لئے دی گئی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دشمنوں کی سازشوں کے باوجود جموںوکشمیر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ پولیس اہلکار جو چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں اس ترقیاتی سفر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کو مستقبل کی سماجی و اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے محکمہ پولیس سے کہا کہ وہ اَپنے شہری ایکشن پروگرام سے نوجوانوں سے رابطہ قائم کریں ، مشن یوتھ کے تحت مختلف پروگراموں کے بارے میںبیداری پیدا کریں اور نوجوان پود کی حوصلہ اَفزائی کریں ۔اُنہوں نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ وہ ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید چیلنجوں کا مقابلہ کریں اور پولیسنگ کو زیادہ مؤثر بنائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کرنے والے عناصر سے نمٹنے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کا تقاضاہے۔ اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی جے اینڈ کے دِلباغ سنگھ نے جے کے پی اور دیگر فورسز کے شہدأ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ہماری پولیس اور سیکورٹی فورسز جموںوکشمیر یوٹی کو دشمنوں سے بچانے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہیں ۔ ڈی جی پی نے مزید کہا کہ پولیس ہمیشہ روایتی اور جدید چیلنجوں کا سامنا کرنے والے لوگوں کی خدمت کے لئے موجود ہے۔ڈی جی پی نے گزشتہ ایک برس میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے نام پڑھے ۔ دستے نے شہید پولیس اہلکاروں کی یاد میں رول آف آنر پیش کیا۔ اِس موقعہ پر شہدأ کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد میں لیفٹیننٹ گورنر نے ایس آر او کے احکامات شہدأ کے لواحقین کے حوالے کئے ۔ اِس موقعہ پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا بھی اِنعقاد کیا گیا۔واضح رہے ، یاد گار پریڈ ہر برس 21؍ اکتوبر کو اُن شہدأ کے احترام اور یاد میں منائی جاتی ہے جنہوں نے اَپنی قیمتی جانوں کو فرائض کی انجام دہی میں قربان کیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ڈی جی پی جیل خانہ جات ڈاکٹر بی سری نواس، سپیشل ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین ، سپیشل ڈی جی کرائم اے کے چودھری ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ شالین کابرا، اے ڈی جی پی ایس جے ایم گیلانی ، اے ڈی جی پی سیکورٹی ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال،اے ڈی جی پی ہیڈ کوارٹر ایم کے سنہا، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے کے علاوہ پولیس ، سول انتظامیہ کے سینئر اَفسران اور شہداء کے اَفراد خانہ موجود تھے۔