محکمہ پی ڈبلیو ڈی سے اراضی مالکان مکمل معاوضہ پانے کے باوجوداثررسوخ کی بناء پرسڑکوں پہ قابض کیوں
ملک عبدالطیف
گول؍؍ ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول میں کچھ ایسی سڑکیں ہیں جہاں پر محکمہ پی ڈبلیو ڈی نے اراضی مالکان کو مکمل معاوضہ فراہم تو کیا ہے لیکن اِس کے باوجود بھی اثر رسوخ افراد نے مختلف مقامات پر سڑکوں پر اس قدر قبضہ جمایا ہوا ہے کہ گاڑیوں کا سڑک سے گزرنا مشکل ہو رہا ہے۔ناجائز تجاوزات کا ایک جیتا جاگتا ثبوت گول پرتمولہ بائی پاس سڑک پر دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں چند اثر رسوخ افراد نے سڑک پر قبضہ جمایا ہوا ہے جس وجہ سے گاڑیوں کا یہاں سے گزرنا مشکل ہورہا ہے۔پرتمولہ پنچایت کے سرپنچ مشتاق احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ جہاں ہم لوگ گائوں گائوں، محلہ محلہ سڑکیں پہنچانے کے خواہشمند ہیں اور بار ہا حکومت سے مطالبہ کرتے رہتے ہیں کہ گاؤں گاؤں، محلہ محلہ میں سڑکوں کا جال پھیلایا جائے لیکن وہیں دوسری جانب ہم ہی لوگ سرکار سے معاوضہ حاصل کرنے کے باجود بھی سڑکوں کو غیر قانی طور قابض ہوتے ہیں۔سرپنچ موصوف نے مزید کہا کہ جہاں کچھ مفاد پرست اور تنگ نظر لوگ غیر قانونی طور سڑکوں پر قابض ہو رہے ہیں وہیں محکمہ متعلقہ بھی انتہائی غفلت اور لاپرواہی سے کام لے رہا ہے۔ بیشتر مقامات پر محکمہ اراضی کو اپنے قبضے میں لینے سے قاصر ہے جس سے یہ شبہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ محکمہ کی ملی بھگت سے سڑکوں پر غیر قانونی قبضے ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران اور ڈپٹی کمیشنر رام بن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گول پرتمولہ بائی پاس سڑک پر جن افراد نے معاوضہ وصولنے کے بعد بھی سڑک پر ناجائز قبضہ جمایا ہوا ہے اْن کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے اور سڑک اراضی کو مکمل طور اپنے قبضے میں لیا جائے تاکہ سڑک پر گاڑیوں کا آسانی سے گزر ہو سکے۔علاوہ ازیں جن سادہ لوح اور غریب اراضی مالکان کو ابھی تک بھی معاوضے سے محروم رکھا گیا ہے اْنھیں جلد از جلد معاوضہ فراہم کیا جائے۔