مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی ہمہ جہت اور مساوی ترقی کیلئے پُر عزم :انو پریہ پٹیل
راجوری؍؍مرکزی حکومت کے عوامی آؤٹ ریچ اقدام کو جاری رکھتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت محترمہ انو پریہ پٹیل نے آج سرحدی ضلع راجوری کا دورہ کیا ۔ وہ ضلع کے دو روزہ دورے پر ہیں ۔ ایم او ایس نے اپنے دورے کے پہلے دن لمبیری میں انتہائی انتظار میں دھندانی پُل کا افتتاح کیا جس کی تخمینہ لاگت 4.40 کروڑ روپے ہے ۔ پُل کا افتتاح کرتے ہوئے محترمہ انوپریا نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی ہمہ جہت اور مساوی ترقی کیلئے پُر عزم ہے ۔ جی ایچ ایس ایس لمبیری میں ایک عوامی آؤٹ ریچ کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے وزیر نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا جن میں ان کی عوامی فلاح و بہبود کی اسکیمیں /پروگرام /مقامی دستکاری کی مصنوعات ، پھل اور سبزیاں شامل ہیں ۔ انہوں نے عملے کے ساتھ بات چیت بھی کی کہ ان فلاحی اقدامات کو کس طرح زمین پر لاگو کیا جا رہا ہے ۔ اپنے خطاب میں وزیر موصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی کی جامع ، ہمہ گیر اور خاطر خواہ ترقی مرکزی حکومت کا بڑا ہدف ہے اور ہر شعبے کو یو ٹی کی خوشحالی کو نئی بلندیوں اور نئی سطحوں پر لے جانے پر زور دیا جا رہا ہے ۔ مرکزی حکومت کی طرف سے مرکز کے زیر اہتمام خصوصی آؤٹ ریچ پروگراموں کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام زمینی طور پر ترقیاتی اور دیگر پہلوؤں سے متعلق صورتحال کا جائیزہ لینے کیلئے منعقد کئے جا رہے ہیں تا کہ ان سب کا مناسب جائیزہ لینے کے بعد مناسب اقدامات کئے جائیں ۔ صنعتی ترقی کیلئے انہوں نے کہا کہ ایک نئی صنعتی پالیسی کا آغازکیا گیا ہے جو کہ ایک حوصلہ افزائی پر مبنی ہے اور صنعتوں کی ترقی کے ساتھ نوجوان نسل کو روز گار کے بہتر مواقع میسر ہوں گے اور اس وجہ سے وہ ایک بہتر زندگی گزاریں گے ۔ ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹس کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع میں خصوصی ڈسٹرکٹ پلان تیار کیا جا رہا ہے اور مقامی دستکاری اور ہینڈ بُک پروڈکٹس کی ویلیو ایڈیشن بھی کی جائے گی ۔ تین درجے کے پی آر آئی سسٹم کیلئے عوام کے جوش و خروش کی تعریف کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ صرف گراس روٹ جمہوریت کو مضبوط کرنے سے ہی جمہوریت کو حقیقی طور پر بااختیار بنایا جا سکتا ہے اور وزیر اعظم کی قیادت میں جموں و کشمیر میں ایک نئی شروعات کی گئی ہے ۔ ایمس کے افتتاح کے اقدام کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ضلع میں نئے سرکاری میڈیکل کالجوں کے ساتھ ان اداروں کے کھلنے سے طبی انفراسٹرکچر میں بہت زیادہ اضافہ ہو گا اور لوگوں کیلئے وقت اور پیسے کی بچت ہو گی ۔ انہوں نے پی آر آئیز سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی سے کام کریں تا کہ زمین پر بہتر نتایج سامنے آئیں ۔ انہوں نے باغبانی کے تحت ٹریکٹر اور پیک ہاوس بھی تقسیم کئے اور مستحقین میں آیوشمان کارڈ بھی حوالے کئے ۔ بعد ازاں ایم او ایس نے متعلقہ افسران کی میٹنگ میں ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا بھی جائیزہ لیا ۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری راجیش کمار شاوان نے ضلع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کمار شاوان ، ڈی ڈی سی ممبر سیری سنگیتا شرما ، ڈی ڈی سی ممبر سندر بنی راجندر شرما ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پون پریشار ، بی ڈی سی سیری نینا شرما ، بی ڈی سی سیوٹ بال کرشن شرما دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔