بھٹ روحی
بارہمولہ؍؍شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد میں اتوار کو بادل پھٹنے کے واقعے میں ایک ہی کنبے کے چار افراد جاں بحق جبکہ ایک لاپتہ ہو گیا ہے ۔مہلوکین میں تین کمسن بچے شامل ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رفیع آباد کے بالائی علاقہ حمام مرکوٹ میں اتوار کو بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا جس کی زد میں ایک خانہ بدوش گجر بکروال کنبہ آ گیا ۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ پیش آنے کی اطلاع ملتے ہی جموں و کشمیر پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ذرائع نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران مذکورہ کنبے کے چار اراکین کی لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ ایک لاپتہ ہے۔مہلوکین کی شناخت 30 سالہ شہنازہ بیگم زوجہ محمد فاروق، ان کی بیٹی 14 سالہ نازیہ اختر، ان کے بیٹے 8 سالہ طارق احمد اور 5 سالہ عارف حسین ساکنان نوشہرہ راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔دریں اثنا جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی ضلع کولگام میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورت حال میں پھنسنے والے ایک گجر بکر وال کنبے اور ان کے مویشیوں کو بچا کر محفوط جگہ پر منتقل کیا ہے۔