کابل، // افغانستان پرحکومت کرنے والی دہشت گرد تنظیم طالبان نے پیر کو شمال مشرقی صوبہ پنجشیر میں مزاحمتی فورسیز پر فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے صوبہ پر قبضہ کر لیا گیا ہے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’کرائے کے دشمنوں کا آخری گڑھ صوبہ پنجشیر مکمل طور پر فتح کرلیا گیا ہے ترجمان نے مبینہ طور پر پاکستانی خصوصی فورس کی مدد سے طالبان اور مزاحمتی گروپ کے درمیان رات بھرجاری شدید لڑائی کے بعد صوبے پر قبضے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پنجشیر میں احمد مسعود کےنیشنل ریجسٹنس فرنٹ کے ٹھکانوں پر مسلسل بمباری کرنے کے لیے پاکستانی ڈرون اور ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا گیا تھا۔
مسٹر مسعود اور سابق نائب صدر امر اللہ صالح جنہوں نے خود کو افغانستان کا قائم مقام صدر قرار دیا ہے، کے ٹھکانے کا پتہ نہیں ہے۔ رات بھر جاری لڑائی کے دوران ان کے گھروں پر فضائی حملے کیے گئے۔
مزاحمتی گروپ کا کہنا ہے کہ خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید مبینہ طور پر پنجشیر میں لڑائی میں طالبان کی مدد کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض فی الحال کابل میں ہیں۔