کووڈ کے پیش نظر انتظامیہ نے جلسے کیلئے اجازت نہیں دی: رجنی پاٹل
یواین آئی
جموں؍؍ کانگریس سینئر رہنماراہول گاندھی 9اور10ستمبرکوجموں کادورہ کررہے ہیں، تاہم کانگریس کی جموں و کشمیر امور کی انچارج رجنی پاٹل تاریخ کی تصدیق کئے بغیر کہا کہ پارٹی کے سینیئر رہنما راہل گاندھی عنقریب جموں کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی اپنے دورے کے دوران کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دینے کے علاوہ لوگوں سے بھی ملیں گے۔رجنی پاٹل نے اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا: ‘راہل جی کا ویشنو دیوی مندر کا دورہ پہلے سے ہی طے تھا۔ جب انہوں نے ایک بار یہاں آنا چاہا تو انہیں آنے نہیں دیا گیا’۔انہوں نے کہا: ‘راہل جی نے گذشتہ ماہ سری نگر کا دورہ کیا۔ ماتا کھیر بھوانی کی مندر میں حاضری دی تھی۔ حضرت بل بھی گئے تھے۔ وہ ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دینے کے بعد لوگوں سے بھی ملیں گے’۔رجنی پاٹل نے کہا کہ جموں میں راہل گاندھی کے جلسے کے لئے انتظامیہ سے اجازت مانگی گئی تھی لیکن ابھی تک اجازت نہیں ملی ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے ان کے جلسہ کے لئے انتظامیہ سے اجازت مانگی ہے لیکن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کووڈ کے پیش نظر ہم تحریری اجازت نامہ نہیں دے سکتے ہیں’۔