سری نگر؍؍چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں وکشمیر لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اَتھارٹی ( جے کے ایل اے ڈبلیو ڈی اے ) کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ ، کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات و ماحولیات ، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن ، وائس چیئرمین لائوڈا، ممبر سیکرٹری ،جموںوکشمیر پولیوشن کنٹرول کمیٹی اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے ڈل جھیل کے اِرد گرد صفائی ستھرائی اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے محکمہ کی کوششوں کا جائزہ لیتے ہوئے وائس چیئرمین لائوڈا کو ہدایت دی کہ جھیل ڈل کی صفائی شروع کی جائے۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ اَفراد پر زور دیا کہ وہ ’’میرا دِل میراآئیڈیا ‘‘ کے تحت یونیورسٹی کے طلباء سمیت عوام کے لئے انوویشن کی خاطر ایک سیشن کا اہتمام کریں جس سے انہیںجھیل ڈَل اور آس پاس کے علاقوں کی بہتری کے لئے تخلیقی خیالات اور تجاویز شیئر کرنے کاموقعہ ملے گا۔اُنہوں نے کمشنر سیکرٹری جنگلات سے کہا کہ وہ ماحولیات کے ماہرین کے لئے اِسی طرح کی تقریب کا اہتمام کریں جس میں وہ جھیل ڈل اور اس کے گردو نواح کی صفائی کو بہتر بنانے کے لئے آئوٹ آف دی بکس تجاویز لے کر آئیں ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ مقابلے کے لئے اِندراج / رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹل ویب سائٹس پر آن لائن دستیاب ہونا چاہیئے۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ سے جھیل کے آس پاس میں تجاوزات ،موجودہ اور آنے والے ڈھانچوں کی حالت کے بارے جانکاری حاصل کی اور اُنہوں نے ہدایت دی کہ اس طرح کے تمام ڈھانچے موجودہ معیارات کے مطابق ہوں ۔چیف سیکرٹری کو ویسٹرن فورشور روڈ ( ڈبلیو ایف آر ) کی تعمیر کے حوالے سے تفصیل او رحد بندی کی تکمیل کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی ۔چیف سیکرٹری نے سیاحوںاورعوام کی زیادہ سے زیادہ آمد و رفت والے مقامات پر جھیل کے پانی کے معیار کے اعداد و شمار کو بل بورڈوں پر واضح طور پر ظاہر کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے لائوڈااَفسران سے کہا کہ وہ جھیل کے پانی کے معیار کو بہتر بنانے کی خاطر ائیریشن میں اِضافہ کریں۔چیف سیکرٹری کو جھیل اور اس کے اِرد گرد جمع ہونے والے پلاسٹک کے کچرے کو ٹھکانے لگانے کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ سے کہا کہ وہ ’’بائیوماس بطور وسائل‘‘ پر ایک ورکشاپ کا اہتمام کرے۔