ڈھابے والوں اور سبزی فروشوں نے عوام کا جینا کیا مشکل
ماجد چوہدری
پونچھ؍؍ پونچھ ضلع کے بس اسٹینڈ کے قریب ڈھابے والوں اور سبزی فروشوں نے کھلے میں گندگی پھیلانے کو رواج سا بنا لیا ہے اور جب ان سے پوچھا جائے کہ وہ کھلے میں گندگی کیوں پھیلاتے ہیں اس سے بیماریاں پھیلتی ہیں تو ان کا جواب ملتا ہے کہ ہمیں محکمہ میونسپلٹی نے یہاں گندگی ڈالنے کی اجازت دے رکھی ہے!بس اسٹینڈ پونچھ پر روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ گرد و نواح کے دوکاندار بھی جو اس گندگی کی بدبو کا شکار ہوتے ہیں۔روزانہ کی بنیاد پر خراب ہوئے دال چاول اور دوسری چیزیں ڈھابے والے کھلے میں ڈالتے ہیں اور سبزی فروش گلی سڑی سبزیاں بھی اور اسے وہاں سے کوئی اٹھاتا بھی نہیں جسکی وجہ سے جب بارش اور دھوپ اس پر پڑتی ہے اور ہوا سے اس کی بدبو سے بس اسٹینڈ کے قریب کھڑا ہونا مشکل ہو جاتا ہے اور گرد و نواح کے دوکانداروں کو بھی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔عوام نے محکمہ میونسپلٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے اپیل کی ہے کہ ان ڈھابے والوں اور سبزی فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائیں اور ان پر کھلے میں کچرہ ڈالنے کی پاداش میں جرمانہ عائد کریں تاکہ وہ دوبارہ اس طرح کی حرکت نہ کریں اور گندگی کو کوڑے دان یا پھر محکمہ میونسپلٹی کی گاڑی میں ڈالیں تاکہ عوام پریشان نہ ہو۔