ماجد چوہدری
پونچھ؍؍ فوج نے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پیر کے روز دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔جموں میں تعینات دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دویندر آنند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنگجوؤں نے پونچھ سکیٹر میں ایل او سی پر پیر کی صبح دراندازی کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات مستعد فوجی جوانوں نے انٹیگریٹڈ سروی لنس گرڈ کا موثر استعمال کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کا پتہ لگایا۔موصوف ترجمان کا کہنا تھا کہ فوجی جوانوں کی طرف سے چلینج کئے جانے پر طرفین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک جنگجو مارا گیا۔انہوں نے کہا کہ بعد میں مہلوک جنگجو کی لاش اور ایک اے کے47 رائفل بھی برآمد کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔فوج کی وائٹ نائٹ کارپس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر پیر کی شام ایک ٹویٹ میں ایک اور جنگجو کو مارنے کی بات کہی گئی۔اس میں کہا گیا: ‘پونچھ میں تلاشی آپریشن کے دوران ایک اور جنگجو کی لاش برآمد کی گئی ہے۔ لاش کے سامنے ایک اے کے 47 رائفل ملی ہے۔ اس طرح سے بھارتی فوج نے دو جنگجوئوں کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے’۔