ایک فورسز اہلکار اور2عام شہری زخمی
حملہ آورجنگجو4منزلہ مکان میں محصور،اضافی کمک طلب :آئی جی پی کشمیر
لازوال ڈیسک
کولگام؍؍سری نگرجموں قومی شاہراہ پرواقع علاقہ میر بازار کولگام علاقہ میں فورسزکی ایک کانوائے پرجنگجوئوں کی فائرنگ کے بعدشروع کیاگیا ،جنگجومخالف آپریشن جاری ہے ،اوراس آپریشن کی نگرانی آئی جی پی کشمیروجئے کمار اورجی ائوسی وکٹر فورس کررہے ہیں ۔تاحال ملنے والی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک فورسزاہلکار اور2عام شہری زخمی ہوگئے ہیں جبکہ شام دیر گئے جنگجومخالف آپریشن روک دیاگیا۔ آئی جی پی کشمیر وجئے کمارکے مطابق حملہ آور پھنس گئے ہیں جن کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کیلئے فورسزکی اضافی کمک کو آس پاس علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق جمعرات کی سہ پہر میربازار کولگام میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب ملی ٹینٹوں نے بی ایس ایف کی ایک کانوائی پر فائرنگ کی جس دوران دونوں اطراف شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ 15اگست کے پیش نظر سرینگر جموں شاہراہ پر اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور جونہی گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں تو اضافی اہلکار جائے موقع پر پہنچے تو اسی اثنا میں ملی ٹینٹ علاقے میں ہی پھنس کر رہ گئے ۔ ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹوں نے پاس کے مکان میں ہی پناہ حاصل کی جس کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ پھنس کر رہ گئے ہیں جنہیں مار گرانے کی خاطر فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف کی اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار جوکہ جی ائوسی وکٹرفورس کے ہمراہ اس آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں ،نے میڈیا کو بتایا کہ میر بازا رعلاقے میں ملی ٹینٹوں نے بی ایس ایف پر فائرنگ کی جس دوران کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا ۔ آئی جی پی کشمیر کے مطابق سیکورٹی فورسز کی سوجھ بوجھ کے نتیجے میں ملی ٹینٹ علاقے میں ہی پھنس کر رہ گئے اور وہ یہاں سے راہِ فرار اختیار کرنے میں ناکام ہوئے ہیں، جن کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کیلئے فورسزکی اضافی کمک کو آس پاس علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ ادھر سی آر پی ایف کے ایک سینئر آفیسران نے بتایا کہ تصادم کے دوران ایک اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیاہے۔ معلوم ہواکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2عام شہری 25سالہ ساحل یعقوب بٹ ولدمحمدیعقوب ساکنہ دانتر اننت ناگ اور22سالہ شاہدفاروق ولد فاروق احمد شیخ ساکنہ لارم گانجی پورہ کولگام زخمی ہوگئے ،جن کواسپتال منتقل کیاگیا ہے ۔پولیس حکام نے بتایاکہ فورسزکانوائے پرحملے کے بعدجائے واردات کے نزدیک لشکر طیبہ کے 2جنگجوایک چارمنزلہ مکان میں داخل ہوئے اوروہ وہیں پھنسے ہوئے ہیں ۔دریں اثناء سیکورٹی ذرائع نے بتایاکہ شام دیر گئے جنگجومخالف آپریشن روک دیاگیاتاہم اس پورے علاقہ کوفوج ،فورسزاورپولیس وایس ائوجی اہلکاروںنے سخت محاصرے میں لے رکھاہے ۔