تشنہ تکمیل رابطہ سڑکوں کو معیار ی طور سرعت کے ساتھ مقررہ مدت میں پائے تکمیل کرنے کی جاری ہدایات
منظور حسین قادری
سرنکوٹ؍؍حکومت دیہی علاقہ جات کو شہروں سے جوڑنے کے لئے رابطہ سڑکوں کے جال بچھانے میں سرگرم عمل ہے ۔مختلف اسکیموں کو بروئے کار لا کر دیہی آبادی کو ہر انواع واقسام کی سہولیات سے لیس کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ڈیجیٹل انڈیا کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی متمنی ہے ۔ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی یہ مشق جاری ہے چونکہ جس طرح تعلیم جملہ ترقیات کی کلید ہے اسی طرح رابطہ سڑک بھی دیہی وشہری ترقیاتی امور کو روبہ عمل لانے میں واحد ذریعہ ہے ۔اکیسویں صدی کی دوسری دہائی شاہراہوں کی توسیع رابطہ کی تعمیر میں بڑی اہمیت کی حامل ہے ۔حکومت کی دریا دلی اس امر کی غماز ہے کہ پچھلے دو تین سالوں میں جہاں بیکن گریف سمپارک اور پی ڈبلیوڈی کے زیر اثر شاہراہوں پر توسیع وکشادگی کا کام سرعت کے ساتھ تکمیل ہو رہا ہے وہیں دیہی علاقہ جات میں نباڑ اور پی ایم جی ایس وائی کے تحت رابطہ سڑکیں معرض وجود میں آرہی ہیں اورمحرک طور پر تعمیری امور پائے تکمیل ہو رہے ہیں مگر تشنہ تکمیل امور کو سرعت سے تکمیل کرنے پرزور دیا جارہا ہے۔ گورنر انتظامیہ کی سخت ہدایات کے موجب پی ایم جی ایس وائی کے چیف انجینئرمنظورچوہدری نے ضلع پونچھ میں جاری رابطہ سڑکوں کا جائزہ لینے کے لئے اچانک دورہ کیا ۔گزشتہ روز بفلیاز وپنجسراں علاقہ میں ماہڑہ منہئی چنن سیر اور مڑاہ رابطہ سڑکوں پر رواں تعمیری کام ملاحظہ کئے ۔اس دوران ساڑھے دس کلو میٹر بفلیاز تا مڑاہ کلالی سڑک پر مزید توجہ کرنے کی متعلقہ پی ایم جی ایس وائی اے ای اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی اور سات کلو میٹر چوٹا والی نالے پر زیر تعمیر پلی کو غیر معیاری قرار دیا اور صحیح مواد استعمال کرنے کا حکم دیا واضح ہو کہ نامساعد حالات میں یہ سڑک فوج نے سامان اور فوجی رسد کے لئے بنائی تھی اور پھر آراینڈ بی کے زیر اثر بھی اس کا کام ہوا جو تیسرے مرحلے میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت تکمیل ہوگی ۔سرنکوٹ پی ایم جی ایس وائی ڈویژن میں چیف انجینئرسے چند وفود ملاقی ہوئے جن میں درہ سانگلہ اور اپر سانگلہ سڑک کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس پر یقین دہانی کرائی کہ جلد ان سڑکوں گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل بنایا جائے گا ۔بعد ازاں حویلی پونچھ میں منڈی کا ایک وفد جالیاں تا چھیلہ ٹانگری بابت ملاقی ہوا جس پر چیف انجینئرنے انھیں بھی یقین دلایا کہ جلد یہ معمہ بھی حل ہوگا کچھ حد متارکہ کے لوگ باڈر نور کوٹ سڑک کا مدعا لیکر آئے جو علاقہ فوج کے زیر قبضہ ہے ۔اس معاملہ کے تدارک پر ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے تبادلہ خیالات ہوئے۔