ایس ایس پی کشتواڑ و عوام نے پولیس اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍ کشتواڑ پولیس کی سربراہی میں انچارج پولیس چوکی ہڈیال پی ایس آئی منیمت سنگھ کی سربراہی میں ان کی ٹیم نے آج ایک خاتون کی ایک قیمتی جان بچائی جو بمارناگ کے قریب دریائے چناب میں اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والی تھی۔اس معاملے کی پولیس تحقیق کر رہی ہے کہ خاتون اتنا شدید قدم اٹھانے کے لیے کیوں تیار ہوئی تھی۔ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے بروقت کاروائی کر کے خاتون کی جان بچانے پر پولیس عملے کو کوشش کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کشتواڑ میں آئے روز خواتین خودکشی کی کوششیں کر رہی ہیں جو کہ سماج کے لیے باعث تشویش ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے معاملات سے پولیس کو آگاہ کیا کریں تاکہ وقت رہتے ان کا حل تلاش کیا جائے اور سماج کو پیدا ہونے والی اس نئی برائی سے بچایا جا سکے۔