چوہدری عبدالغنی رکن ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ نے کیاافتتاح،پنچایتی نمائندگان کااِظہارِ اطمینان
ماجد چوہدری
پونچھ؍؍ پونچھ ضلع کے کھنیتر دوپریآں پنچایت کی وارڈ نمبر 06 میں نو تعمیر شدہ سڑک پر بلیک ٹاپنگ کے کام کی شروعات کا آغاز کیاگیا۔کھنیتر دوپریآں پنچایت کی عوام کی یہ دیرینہ مانگ تھی جس کو آج پورا کیا گیا ہے۔لوگوں نے بتایا ہے کہ وہ پچھلے کئی سال سے سڑک سے محروم تھے اور ان کے بچوں کو اسکول جانے کے لیے دشواریاں پیش آتی تھیں اور اگر کوئی شخص بیمار ہو جاتا تو اس کو سڑک تک لاتے لاتے وہ دم ہی توڑ جاتا تھا تو اس ضمن میں ہم نے اپنی سڑک کی مانگ رکن ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ کے سامنے رکھی تو انہوں نے اس کو پلان میں رکھ کر اس پر کام شروع کروایا اور سرپنچ جان بہادر کی نگرانی میں اس سڑک کا کام شد و مد کے ساتھ جاری رہا اور آج اس پر بلیک ٹاپنگ کا کام شروع ہو گیا اور ہم نے راحت کی سانس لی۔سرپنچ پنچایت حلقہ نے ’لازوال ‘سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ سڑک ان کی پنچایت کی وارڈ نمبر 06 سے جارہی ہے اور اس کی کل لمبائی ایک کلو میٹر تک کی ہے اور اس پر انہوں نے ذاتی طور پر رکن ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ چوہدری عبدالغنی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ہمیشہ اسی طرح ہمارے گاؤں کی طرف توجہ سے نظر رکھیں گے۔اس موقع پر سرپنچ و پنچ حضرات کے علاوہ عوام اور محکمہ سے جڑے ملازمین بھی شامل رہے۔ رکن ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ نے محکمہ کے ملازمین کو موقع پر رہ کر اس کام کو مکمل کرنے کی ہدایت دی اور وقت پر مکمل کرنے کو کہا اور عوام سے اپیل کی کہ جو سڑک ان کے لیے بن رہی ہے وہ اس پر قریب سے نظر رکھیں تاکہ کسی قسم کا گھٹیا مواد اس میں نہ لگایا جائے اور محکمہ کو بھی یہ ہدایت دی کے کام کے معیار کو لیکر خاص خیال رکھا جائے۔