جنگجوئوں کے12سرگرم اعانت کار گرفتار۰5کلوگرام ہیروئین ،زائداز21لاکھ روپے نقدرقم ،ایک لاکھ روپے کی بینک چیک
10گرینیڈ،4پستول،4میگزین ،گولیوں کے20رائونڈ اورکچھ گاڑیاں ضبط
جے کے این ایس
بارہمولہ؍؍بارہمولہ پولیس نے منشیات وملی ٹنسی کے ایک بین ضلعی نیٹ ورک کاپردہ فاش کرتے ہوئے جنگجو تنظیموں کے12بالائی زمین ورکروں کوگرفتار کرنے کادعویٰ کیا ۔ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمدبٹ نے ان گرفتاریوںکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ گرفتار شدگان کی تحویل سے یااُن کی نشاندہی پرساڑھے5کلوگرام ہیروئین اورلاکھوں روپے نقدی کے علاوہ10گرینیڈ،4پستول،4میگزین ،گولیوں کے20رائونڈ اورکچھ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں ۔جے کے این ایس کے مطابق ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمدبٹ نے اس آپریشن کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایاکہ بارہمولہ پولیس کویہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ضلع میں منشیات وملی ٹنسی کاایک نیٹ ورک یا گروہ سرگرم ہے ۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات عمل میں لاکر مذکورہ نیٹ ورک تک پہنچنے میں کامیابی پائی ۔ایس ایس پی بارہمولہ کامزیدکہناتھاکہ منشیات کادھندہ کرکے ملی ٹنسی کوفروغ دینے والی اس گروہ کاسراغ لگاکر پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران جنگجوئوں کے12بالائی زمین ورکروں کی گرفتاری عمل میں لائی ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ بالائی زمین کارکنوں کوجموں وکشمیرکے مختلف علاقوں سے گرفتار کیاگیا۔ایس ایس پی بارہمولہ نے مزیدجانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ منشیات وملی ٹنسی نیٹ ورک کوچلانے والی ایک درجن کارکنوں کی تحویل سے یااُن کی نشاندہی پربڑی مقدار میں منشیات اوراسلحہ وگولی بارودکے ساتھ ساتھ لاکھوں روپے نقد اورکچھ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں ۔انہوں نے ضبط شدہ منشیات وہتھیاروں کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایاکہ گرفتار شدگان سے ساڑھے پانچ کلو وزن کے11ہیروئین پیکٹ ،10گرینیڈ،4پستول،4میگزین ،گولیوں کے20 رائونڈ،21لاکھ50ہزارروپے نقد،ایک لاکھ روپے کی بینک چیک اورکچھ گاڑیاں بشمول ایک ٹرک،ایک ورنانامی گاڑی اورایک اسکوٹی بھی ضبط کی گئی۔ایس ایس پی بارہمولہ کاکہناتھاکہ ہم نے جموں میں بھی کچھ گرفتاریاںعمل میں لائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ مشترکہ آپریشن تھا۔ انہوں نے کہاکہ نیٹ ورک میں شامل گرفتار شدہ افراد منشیات اوراسلحہ وغیرہ کوایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایاکرتے تھے اوراس کام کیلئے گاڑیاں استعمال کی جاتی تھیں ۔