یواین آئی
جموں؍؍کورونا لاک ڈاؤن کے بیچ ہفتے کی صبح دربار مو ملازمین بردار اور چھوٹی مسافر بردار گاڑیاں جموں سے سری نگر روانہ ہوئیں۔ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کو دوسرے دن بھی ٹریفک کو جموں سے سری نگر روانہ ہونے کی اجازت تھی۔انہوں نے بتایا کہ سرمائی دارالحکومت جموں میں گذشتہ روز دربار مو دفاتر بند ہونے کے بعد ہفتے کی صبح گاڑیاں ملازمین کو لے کر سری نگر کی طرف روانہ ہوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ دربار ملازمین بردار گاڑیوں کے علاوہ چھوٹی مسافر بردار گاڑیاں بھی سری نگر کی طرف روانہ ہوئیں تاہم گاڑیوں کو صبح چھ بجے سے ایک بجے تک ہی نگروٹہ کو پار کرنا تھا۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے گذشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں 10 مئی کو دربار مو کھلے گا لیکن اس مرتبہ دربار مو کی بیشتر فائلیں جموں سکریٹریٹ میں ہی رہیں گی۔تاہم کورونا کیسز میں ہو رہے غیر معمولی اضافے کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے ششماہی دربار منتقلی کو ملتوی کرنا پڑا۔انتظا میہ نے کہا کہ امسال سری نگر اور جموں میں سکریٹریٹ ای آفس کے ذریعے کھلا رہے گا۔دربار مو یعنی سول سیکریٹریٹ کی چھ ماہی منتقلی 148 برس پرانی روایت ہے جو ڈوگرہ راج میں مہاراجہ رنبیر سنگھ نے شروع کی تھی۔