’کھوکھلے نعروںپہ نہیں ہم صداقت پر مبنی سیاست کیلئے وعدہ بند‘

0
0

پیچیدہ سیاسی حالات میں اپناسفرشروع کرنے والی اپنی پارٹی نے جموں وکشمیر کے سیاسی منظر نامے پر نمایاں تبدیلی لائی:الطاف بخاری
لازوال ڈیسک

سرینگر؍؍اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت نے جموں وکشمیر کے سیاسی منظرنامے میں نمایاں تبدیلی لائی ہے حالانکہ اس نے اپنی سفر گذشتہ سال انتہائی پیچیدہ سیاسی حالات میں کیاتھا۔ برامری کپواڑہ میں منعقدہ یک روزہ کنونشن جس میں معروف سیاسی کارکنان محمد امین بھٹ اور حفیظ اللہ بخشی سینکڑوں ورکروں سمیت اپنی پارٹی میں شامل ہوئے سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے اپنی پارٹی پر اعتماد اور بھروسہ جتانے کے لئے جموں وکشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا’’جموں وکشمیر بالخصوص ضلع کپواڑہ کے لوگوں نے انتہائی مشکل حالات کے دوران بھی اپنی جماعتوں اور متعدد سیاست دانوں پر اندھا اعتماد کیا اور اُن کی مدد کی لیکن ضلع کپواڑہ میں ترقیاتی منظر نامے پر طاہرانہ نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ لیڈران نے کیسے لوگوں کے اعتماد کے ساتھ کھلواڑ کیا اور وہ انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔ بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی صداقت پر مبنی سیاست کے لئے وعدہ بند ہے اور ہمیشہ جذباتی وکھوکھلے نعرأں سے باز رہے گی۔جموں وکشمیر میں منعقدہ حالیہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کو دفعہ 370اور35Aکی بحالی سے جوڑنی والی سیاسی جماعتوں کو ہدف ِ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا’’ہماری جماعت دوغلے پن پر یقین نہیں رکھتی، روز ِ اول سے ہی ہماری جماعت نے کھرے کو کھرا اور کھوٹے کوکھوٹا کہا ہے، ہم ابہام پر یقین نہیں رکھتے اور غیر واضح سیاست سے باز رہتے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا’’میں آپ کو ایمانداری سے بتانا چاہتا ہوں کہ جموں وکشمیر میں کوئی بھی انتخابات جموں وکشمیر کے خصوصی درجہ کی بحالی کا ریفرنڈم نہیں ہوگا اور ہم نے ہمیشہ یہ بات کہی ہے کہ دفعہ370اور35Aکی تنسیخ کے فیصلے کو دو اداروں پارلیمنٹ اور عدالت عظمیٰ کے ذریعے ہی واپس کیاجاسکتا ہے ۔پارلیمنٹ میں ہمارے پاس مطلوبہ نمبرات نہیں اور عدالت عظمیٰ سے ہم صرف اُمید رکھ سکتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ فیصلہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے عین مطابق ہو‘‘۔ انہوں نے کہاکہ اگر اپنی پارٹی مستقبل میں ایسی پوزیشن میں ہوتا ہے، اُس کو اقتدار ملتا ہے تو وہ جموں وکشمیر کے سبھی خطوں اور ذیلی علاقوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنائے گی۔ بخاری نے مزید کہاکہ ’’ چند سیاسی جماعتوں نے وقتاًفوقتاً جموں وکشمیر کے لوگوں سے چاند اور تارے توڑ لانے کے وعدے کئے، 1953سے قبل کی پوزیشن سے لیکر، اٹانومی، آزادی اور اب پانچ اگست 2019سے قبل کی پوزیشن ، متعدد لیڈران نے انتخابی فائیدے کے لئے مختلف نعرے ایجاد کئے ہیں۔لیکن مجھے آپ بتائیں جموں وکشمیر میں انتخابات خالص ترقیاتی مقاصد کے لئے ہیں اور اپنی پارٹی لوگوں کے سامنے کھبی بھی سچ بولنے سے شرمائے گی نہیں ، چاہے یہ سچ کتنا ہی کڑواہ ہو‘‘۔ نئے ساتھیوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ لوگ خلوص اور شفافیت کے متمنی ہیں جبکہ بدقسمتی سے جموں و کشمیر میں مقامی سیاسی جماعتوں نے کبھی بھی اس طرح کے خصائل کو اختیار نہیں کیا۔جموں وکشمیر کے لوگوں کو لگاتار روایتی سیاسی جماعتوں کے کھوکھلے نعرؤں اور جذباتی تقاریر سے جھکڑ کر رکھا ہے، اس کی بہترین مثال ضلع کپواڑہ ہے ، جس کو آج تک ترقی اور خوشحالی کے لحاظ سے ایک ماڈل ضلع ہونا چاہئے تھا لیکن افسوس یہاں ہم جو دیکھ رہے ہیں وہ صرف سیاسی بے حسی اور اندھیرا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی بنانے کا فیصلہ دل سے لیا گیا اور یہ 5اگست2019کی وجہ سے پیداشدہ حالات کے بعد ہوا۔ اُس وقت لوگ بے سہارا اور مایوس تھے،دکانیں، اسکول، تجارتی وکاروباری ادارے، ٹرانسپورٹیشن ، حتی کہ ہرچیز جمود کا شکار تھی، چند لیڈران کو قید کر لیاگیاتھا جبکہ دیگر نے چار دیواری سے اندر رہنے کو ہی ترجیحی دی۔ یہ وقت تھا جب ہم نے لوگوں کی آواز بلند کر نے کے لئے ایک پلیٹ فارم بنانے کا فیصلہ کیا اور اِس طرح اپنی پارٹی وجود میں آئی ۔‘‘بخاری نے زور دیتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی نے قیام کے ایک سال کے دوران جو وعدے کئے تھے، اُس میں سے بہت کچھ حاصل کیا ہے اور وہ لوگوں کے ساتھ کئے ہوئے ہر وعدے کو وفا کرنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس موقع پر سنیئر نائب صدر غلام حسن میر، ترجمان اعلیٰ جاوید حسن بیگ، میڈیا صلاحکار فاروق اندرابی، ضلع صدر کپواڑہ راجہ منظور، ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون، پارٹی کارڈی نیٹر جنوبی کشمیر فضل محمود بیگ، ضلع نائب صدر کپواڑہ عبدالرحیم وانی، ضلع نائب صدر کپواڑہ عبدالرشید بھٹ اور ضلع سیکریٹری کپواڑہ بلال عارف لون بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ ضلع کپواڑہ پارٹی عہدیداران اور سیاسی ورکروں نے کپواڑہ کا دورہ کرنے کے لئے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور زمینی سطح پر مضبوط بنانے کے اعزم کا اعادہ کیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا