کپوارہ میں 60 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن ضبط

0
0

سری نگر،//جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں قریب 60 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن ضبط کی ہے۔
ایس ایس پی کپوارہ ڈاکٹر جی وی سندیپ چکراورتھی نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کو بتایا: ‘کپوارہ پولیس نے آج ایک پاکستان سپانسرڈ نارکو ٹیرر ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس آپریشن کے دوران مختار احمد شاہ نامی شخص کے قبضے سے 9 کلو گرام ہیروئن ضبط کی گئی ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ضبط شدہ ہیروئن کی قیمت بین الاقوامی بازار میں 50 سے 60 کروڑ ہے۔ مختار شاہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں جنگجوئوں کے رابطے میں ہے۔ کشمیر میں جنگجو تنظیموں کی مالی مدد کے لئے یہ سمگلرز منشیات کے دھندے میں سرگرم ہیں’۔
دریں اثنا پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضلع کپوارہ کے کرناہ جنگلات میں ایک ‘نارکو ٹیرر ماڈیول کا پردہ فاش کر کے ایک جنگجو اعانت کار کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن ضبط کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر کپوارہ پولیس نے کرناہ جنگلات میں پاکستان حمایت یافتہ ایک نارکو ٹیرر ماڈیول کا پردہ چاک کر کے ایک جنگجو اعانت کار کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدہ جنگجو اعانت کار کی تحول سے 9 کلو گرام ہیروئن ضبط کی گئی جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت قریب 60 کروڑ روپے ہے۔
گرفتار شدہ جنگجو اعانت کار کی شناخت مختار حسین شاہ ولد سید اکبر شاہ ساکن پنجتارن کرناہ کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ موصوف اعانت کار کی تحویل سے کچھ قابل اعتراض مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ اس ماڈیول میں ملوث دیگر افراد کی شناخت ہوچکی ہے اور ان کو گرفتار کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ماڈیول پاکستانی ہینڈلرس کے ساتھ رابطے میں تھا اور یہ منشیات کی تجارت اور وادی کشمیر میں سرگرم جنگجوؤں کو مالی مدد فراہم کررہا تھا۔
اس میں کہا گیا ہے کہ یہ ماڈیول وادی میں جنگجوؤں کی سرگرمیوں کو مستحکم کرنے کے علاوہ مقامی نوجوانوں کو جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے کے لئے ورغلا رہا تھا۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں کرناہ پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور اس میں مزید تحقیقات کرنے کے لئے ایک اسپیشل تحقیقاتی ٹیم کو تشکیل دیا گیا ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا