ماں بیٹی از جان، ایک رہائشی مکان خاکستر
یواین آئی
جموں؍؍ ضلع کشتواڑ کے منزگام علاقے میں شبانہ آگ کی ایک بھیانک واردات میں ماں بیٹی کی جھلس کر موت واقع ہوئی جبکہ ایک رہائشی مکان بھی خاکستر ہوگیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کشتواڑ کے تحصیل مغل میدان کے منزگام علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے نہ صرف مکان کو خاکستر کر دیا بلکہ اس میں ماں بیٹی کی بھی جھلس کر موت واقع ہوئی۔مہلوکین کی شناخت 58 سالہ پوشہ دیوی زوجہ بلوان سنگھ اور اس کی بیٹی 24 سالہ نیتو دیوی کے بطور ہوئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق فارنسک کی ایک ٹیم نے جائے واردات سے نمونے حاصل کئے ہیں اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔دریں اثنا ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات بھی معلوم کی جا رہی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ سری نگر کے ہفت چنار علاقے میں چند روز قبل آگ کی ایک واردات میں ماں بیٹے کی جھلس کی موت واقع ہوئی تھی اور اس واردات میں چھ مکان بھی خاکستر ہوئے تھے۔کشتواڑ پولیس نے منز گام ٹاگود میں پولیس تعینات کر دئیے ہیں اور اس واردات میں سختی سے انکوائری کی جا رہی ہے۔ ایس ایچ او چھاترو نے بتایا جو بھی ملزم پایا گیا تو انکو سخت سے سخت قانونی کارو ائی عمل میں لائے جائے گی۔