محافظ پولیس اہلکار ہلاک،علاقے میں خوف و ہراس
حملہ آورمہلوک اہلکار کا اسلحہ لے کر فراد،علاقے میں تلاشی کارروائیاں تیز
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍سوپورمیں میونسپل کونسلروں پر ہوئے حملے کے تین روز بعدمشتبہ جنگجوئوںنے سری نگرکے مضافاتی علاقہ نوگام میں بھاجپاکے ایک مقامی لیڈرمحمدانورخان کے گھرپرفائرنگ کی ،جسکے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شدیدزخمی ہونے کے بعددموڑبیٹھا۔خیال رہے ایس ایس پی سری نگرنے بدھ کے روز دیگرکئی پولیس افسروںکے ہمراہ ہوٹلوںمیں مقیم محفوظ افرادکی سیکورٹی کاجائزہ لینے کے بعدسیکورٹی اہلکاروں کومزیدچوکنا رہنے کوکہاتھا۔معلوم ہواکہ جمعرات کی صبح نامعلوم اسلحہ برداروں نے آری باغ نوگام سری نگرمیں رہائش پذیر بھاجپاکے ضلع صدربارہمولہ محمدانورخان کے مکان پراندھا دھند گولیاں چلائیں۔بھاجپا کے مقامی لیڈرکی حفاظت پرمامورسیکورٹی اہلکاروں نے حملے کوناکام بنانے کیلئے جوابی کارروائی عمل میں لائی ۔کچھ منٹوں تک گولیوںکاتبادلہ جاری رہنے سے یہاں کی آبادی میں خوف ودہشت پیداہوگئی ۔فائرنگ کے تبادلے میں بھاجپا عہدیدار محمدانورخان کی حفاظت پرمامور پولیس کاایک کانسٹیبل رمیض راجہ بیلٹ نمبر794/S زخمی ہوگیا،جس کونازک حالت میں صدراسپتال منتقل کیاگیا۔ڈاکٹروں نے بتایاکہ جب تک زخمی اہلکارکواسپتال پہنچایاگیا ،تب تک وہ دم توڑچکاتھا۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ صدراسپتال سری نگر ڈاکٹر نذیرچودھری نے میڈیا کوبتایاکہ زخمی اہلکار راستے میں دم توڑچکاتھا۔انہوں نے بتایاکہ ڈاکٹروںنے ابتدائی معائنے کے دوران پایاکہ زخمی اہلکار دم توڑگیاہے ۔ادھرپولیس ذرائع نے بتایاکہ حملہ آورجنگجو مہلوک اہلکار رمیض راجہ کی سروس رائفل اے کے 47لیکرفرارہوگئے ۔تاہم پولیس وفورسزنے فوری طورپرپورے علاقے کومحاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ بھاجپا کے مقامی لیڈرکے گھرپرہوئے جنگجوئیانہ حملے کے بعدپولیس وفورسزاہلکاروںنے پوری بستی کوچاروں اطراف سے محاصرے میں لینے کے بعدکئی مکانات میں تلاشی لی اورکئی افراد سے اس حملے کے بارے میں پوچھ تاچھ بھی کی گئی ۔اُدھر بھاجپا کے مقامی میڈیا انچارج منظوراحمدنے بتایاکہ پارٹی لیڈرکے گھرپرجنگجوئوںنے فائرنگ کردی تاہم پارٹی لیڈرمحمدانورخان اس حملے میں محفوظ رہے ۔انہوں نے بتایاکہ محمدانورخان کی حفاظت پرمامور اہلکاروںکی جوابی کارروائی کے بعدحملہ آوروہاں سے بھاگ گئے ۔واضح رہے اس سے قبل29 مارچ کو ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبہ میں مشتبہ جنگجوئوں کی جانب سے کئے گئے دن دھاڑے حملہ میں2 افراد ہلاک ہوگئے جن میں کونسلر ریاض احمدپیر اور ایک ایس پی ائو شفاعت نذیر شامل تھاجبکہ ایک اورزخمی کونسلر پیر شمس الدین 30 مارچ کو دم توڑ بیٹھا۔جموں و کشمیر پولیس (کشمیر زون) کے آئی جی پی وجے کمار نے بتایا تھا کہ سوپور میں پیش آئے جنگجوئیانہ حملے میںسیکورٹی کی پہلو تہی یاکوتاہی ہوئی ہے ۔