عوام کو عزت ، وقار اور خوشحالی سے زندگی جینے کا موقع فراہم کیا جائے: ساگر
سرینگر؍؍نیشنل کانفرنس لوگوں کے ناگفتہ بہہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتی آئی ہے اور عوامی مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کے مطالبے کے ساتھ ساتھ تینوں خطوں میں جاری غیر یقینت خصوصاً سیاسی انتشار اور خلفشار کو ختم کرنے کیلئے بھی ہر سطح پر آواز بلند کرتی آرہی ہے اور اس بات کی وکالت کرتی ہے کہ یہاں کے عوام کو عزت اور وقار سے جینے کا موقع فراہم کیا جائے۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر سوپور، کپوارہ، کولگام، کنگن اور سرینگر کے پارٹی عہدیدارو ں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل و مشکلات کے علاوہ پیٹرول، ڈیزل ، گیس، راشن اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ، بجلی فیس میں بڑھوتری، سڑکوں اور گلی کوچوں کی ناگفتہ صورتحال جیسے مسائل اُجاگر کئے۔ ساگر اس موقعے پر کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام 5اگست2019سے برابر زیر عتاب ہیں، لوگوں کا کوئی پُرسان ِ حال ہی نہیں۔حکمران تعمیر و ترقی، امن وسلامتی اور خوش و خوشحالی کے دعوے تو کررہی ہے لیکن زمینی سطح پر حالات ان دعوئوں کے عین برعکس ہیں۔ اقتصادی اور معیشی بدحالی،بے روزگاری ،مہنگائی اور تعمیر و ترقی کے فقدان نے جموں و کشمیر کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے اور نئی دلی جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے ملک کے عوام کو یہاں کے اصل حقائق سے اندھیرے میں رکھ رہی ہے۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کوہدایت کی وہ ہر سطح پر تنظیم اور لیڈر شپ کے ہاتھوں کو مضبوط کرنے کیلئے تن دہی سے کام کریں۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر ممبرشپ مہم میں تیزی اور گھر گھر لے جانے کیلئے زور دیا اور پارٹی کو مقدم سمجھ کر ربط و ضبط کا خاص خیال رکھیں۔ اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران قیصر جمشید لون، پیر آفاق احمد ، عمران نبی ڈار اور احسان پردیسی بھی موجود تھے۔