اسٹیٹ ہڈ کی بحالی اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر نہ کی جائے:الطاف بخاری

0
0

پہلا یومِ تاسیس منایا،پارٹی ویب سائٹ لانچ، جموں وکشمیر کے سبھی ضلع صدور مقامات پر بھی پروقارتقریبات کا اہتمام
لازوال ڈیسک

سرینگر؍؍جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے پیر کے روز اپنا پہلا یومِ تاسیس منایا۔ اس حوالہ سے سب سے بڑی تقریب پارٹی صدر دفتر لال چوک سرینگر میں منعقد ہوئی جس سے پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے خطاب کیا۔ سرینگر کے علاوہ اِسی نوعیت کی پروقار تقریبات جموں وکشمیر کے سبھی ضلع صدور مقامات پر بھی منعقد ہوئیں ۔اس سے قبل سرینگر میں پارٹی دفتر پر میڈیا افراد سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے پچھلے ایک سال کے دوران پارٹی قیادت کی طرف سے اُجاگر کئے گئے عوامی مفادات کے اہم مسائل اور کاؤشوں متعلق جانکاری دی۔ اس موقع پر بخاری نے پارٹی ویب سائٹhttps//jkapniparty.com.بھی لانچ کی۔ انہوں نے لوگوں خاص طور سے جموں وکشمیر کی عوام سے اپیل کی کہ وہ ویب سائٹ کو دیکھیں اور اپنی پارٹی کے وِژن، مشن اور روز مرہ سرگرمیوں بارے جانکاری حاصل کریں۔ عالمی یومِ خواتین جس دن اتفاقاً جموں وکشمیر اپنی پارٹی کا یومِ تاسیس بھی ہے، کے موقع پر لوگوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے بخاری نے سماج کے وسیع حلقہ میں خواتین کی حالت ِ زار پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خواتین کو مناسب عزت دیں، احترام کریں، اُن کے وقار کا خیال رکھیں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ من وعن انہیں حقوق ملیں۔جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے قیام، اغراض ومقاصد اور حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بخاری نے ایک سال کے دوران کئے گئے وعدوں اور اُن کے زمینی سطح پر حاصل نتائج کو یاد کیا۔ جموں وکشمیر اسٹیٹ ہڈ کی بحالی کے مطالبہ پر بخاری نے حکومت ِ ہند سے اپیل کی کہ ایوان ِ پارلیمنٹ سے کئے گئے وعدے کو عملی جامہ پہنانے میں تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جموں وکشمیر کے لوگوں پر موٹی چمڑی والے بیوروکریٹس حکمرانی کر رہے ہیں جنہیں اِس سرزمین سے کچھ لینا دینا نہیں اور نہ ہی لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل کی نشاندہی کرنے اور حل کرنے میں کوئی دلچسپی ہے۔ بخاری نے کہا’’منتخبہ عوامی حکومت کی عدم موجودگی میں جموں وکشمیر کے لوگ مایوسی کا شکار ہیں، بیروکریسی نظام جوکہ اِس وقت جموں وکشمیر کے لوگوں پر حکمرانی کر رہا ہے، نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے جن کا ازالہ صرف جمہوری منتخب حکومت کے ذریعے ہی ہوسکتا ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ عوامی مفادات سے متعلق متعدد مطالبات جنہیں اپنی پارٹی نے ایک سال کے دوران اُجاگر کیا، پر قابلِ ذکر پیش رفت بھی ہوئی ہے۔ بخاری نے کہا’’تاریخ شاہد رہے گی کہ کسی اقتدارکا حصہ ہوئے بغیر پچھلے ایک سال کے دوران ہمارے مطالبات سے متعلق جو ہم نے حاصل کیا ، وہ ہماری ایمانداری اور صداقت پر مبنی سیاسی نظریے اور جموں وکشمیر کے لوگوں کے بھر پور تعاون کا کا نتیجہ ہے ‘‘۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ بھی ملک کے دیگر شہریوں کی طرح یکساں حقوق کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا’’حکومت ہند کو چاہئے کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی بے دریغ تڑپ کو پورا کرنے کے لئے مزید وقت ضائع نہ کرے جو اس خطے میں امن ، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں‘‘۔پریس کانفرنس کے آخر میں بخاری نے وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ وہ بلاکسی تاخیر ریاستی درجہ کی بحالی اور جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کے وعدے کو پورا کریں۔ اپنی پارٹی صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، صدر اپنی پارٹی یوتھ ونگ اور میئر سرینگر میونسپل کارپوریشن جنید متو، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ اور صوبائی صدر یوتھ ونگ خالد راٹھور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناء جموں اور کشمیر صوبوں میں پارٹی لیڈرشپ نے متعددضلع صدور مقامات پر منعقدہ کنونشن سے خطاب کیا ، جہاں انہوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کی سماجی، معاشی اور سیاسی با اختیار کے پارٹی وعدہ کو دوہراتے ہوئے اِس کی حصولی کے عزم کا اعادہ کیا۔خیال رہے کہ 8مارچ2020کو ایک ایسے وقت جب جموں وکشمیر میں سیاسی غیر یقینی صورتحال تھی، کے بیچ سابقہ وزیر خزانہ اور وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کی دور اندیش قیادت میں جموں وکشمیر اپنی پارٹی کا قیام عمل میں لایاگیاتھا جس نے ایک سال کے اندر تاریخ ساز عوامی مقبولیت حاصل کی ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا