آشیانہ بوائز ہوسٹل کے پروگرام میں ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے کی شرکت
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍ خواتین کے عالمی دن کو جوش و جذبے کے ساتھ ضلع کشتواڑ میں منایا گیا۔خواتین کی حوصلہ افزائی ،مختلف شعبوں میں ان کی کامیابی کو منانے اور خواتین کے لئے حکومت کی طرف سے لانچ کی گئی مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے ضلع کشتواڑ کے مختلف مقامات پر تقریبات منعقد کی گئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما کی صدارت میں آشیانہ بوائز ہوسٹل کشتواڑ میں سوشل ریفارم اور چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام تقریب منعقد کی گئی ۔جس میں ضلع کشتواڑ کی متعدد خواتین نے شرکت کی۔اس پروگرام میں منصف جج کشتواڑ مہ جبین اختر ، صدر میونسپل کمیٹی کشتواڑ ریاض احمد زرگر ، ڈی ایس پی پردیپ سین ،اسسٹنٹ لیبر کمشنر کشتواڑ انوپ کمار ،ضلع سوشل ویلفئیر آفیسر کشتواڑ طارق پرویز قاضی کے علاوہ معزز شہریوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سماج میں خواتین کے مختلف پہلوؤں اور کرداروں پر روشنی ڈالی۔مقررین نے خواتین کے مختلف قانونی اور آئینی حقوق کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔اس موقع پر کشتواڑ سے تعلق رکھنے والی بچیوں کے ذریعہ خصوصی ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔پروگرام کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اسکیموں پر روشنی ڈالی جس میں سخی ، مہیلا شکتی مرکز ، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ سمیت کئی دیگر اسکیمیں شامل ہیں۔عالمی یوم خواتین کی تقریب پر گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کشتواڑ میں ایک مصوری مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا ۔جہاں طالبات نے پینٹنگ کے ذریعے یوم خواتین کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ میں اس دن کی نسبت سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں طلباء اور کالج کے عملے نے شرکت کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی باصلاحیت لڑکیوں اور خواتین کو سرٹیفکیٹ سے نوازا۔اس کے علاوہ کشتواڑ کے کچھ دوردراز علاقوں میں بھی خواتین کے عالمی دن ہر پروگرام منعقد کی گئے اور حکومت کی طرف خواتین کے لیے لانچ کی گئی مختلف اسکیموں کے بارے میں خواتین کو جانکاری دی گئی۔