نئی دہلی،// دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے ضمنی الیکشن میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے زبردست جیت درج کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اور اے اے پی کے سربراہ اروند کیجریوال نے رائے دہندگان کو مبارکباد دی ہے اور کہا کہ دہلی کے عوام نے ایک بار پھر ’کام کے نام‘ پر ووٹ کیا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے ٹویٹ کیا،’ دہلی کے عوام نے ایک بھر پھر ’کام کے نام‘ پر ووٹ دیا ہے۔ سبھی کو مبارکباد۔ ایم سی ڈی میں 15 سال کی بی جے پی بد انتظامی سے عوام پریشان ہو چکے ہیں۔ وہ اب ایم سی ڈی میں بھی اے اے پی کی حکومت بنانے کو بے تاب ہیں‘۔
نائب وزیراعلیٰ اور اے اے پی کے سینیئر رہنما منیش سسودیا نے ان ضمنی انتخابات کے نتائج پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’ایم سی ڈی ضمنی الیکشن میں پانچ میں سے چار وارڈوں پر جیت حاصل کرنے پر اے اے پی کارکنان کو مبارکباد۔ بی جے پی کی حکومت سے دہلی کے عوام اب ناراض ہو چکے ہیں۔ آئندہ برس ہونے والے ایم سی ڈی انتخابات میں عوام اروند کیجریوال جی کی ایماندار اور کام کرنے والی سیاست کو لے کر آئیں گے‘۔
غور طلب ہے کہ ایم سی ڈی کے پانچ وارڈ پر ہوئے ضمنی الیکشن کے آج اعلان نتائج کے مطابق چار پر اے اے پی اور ایک پر کانگریس نے جیت حاصل کی ہے۔ بی جے پی کا ان ضمنی انتخابات میں کھاتہ بھی نہیں کھل سکا ہے۔ دہلی کے تینوں میونسپل پر بی جے پی کا قبضہ ہے۔