ہمارا اکلوتا بیٹا غلطی سے پار چلا گیا، پاکستان واپس بھیجے :والدین
سید نیاز شاہ
پونچھ؍؍سرحدی ضلع پونچھ کے شاہ پور قصبہ کا ایک نوجوان غلطی سے سرحد عبور کر پاکستانی زیرانتظام کشمیر جا پہنچا جس کے بعد نوجوان کے والدین اور لواحقین کی آہ و فگاں کا سلسلہ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق محمد جاوید ولد نظر دین ساکنہ شاہ پور گائوں قصبہ عمر 35 سال گزشتہ سال کے ماہ دسمبر کی 12 تاریخ کو غلطی سے سرحد عبور کر پاکستان چلا گیا تھا۔نوجوان کے والدین نے لازوال سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محمد جاوید 3 بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے اور اسکی دماغی حالت بھی ٹھیک نہیں ہے۔نوجوان کے والد نظر دین کے مطابق ان کے بیٹے کو اکثر دماغی دورے پڑتے تھے جن کے بعد وہ اکثر گھر سے بھاگ جایا کرتا تھا ۔انہوں نے کہاکہ ،اس رات کو میں گھر پر موجود نہیں تھا صبح لوٹا تو پتا چلاکہ بیٹا غائب ہے۔ ہر طرف ڈھونڈنے کے بعد پتہ چلا کہ وہ کہیں اس پار چلا گیا ہے ۔انہوںنے پاکستانی حکومت سے اپیل کی کہ وہ میرے بیٹے کو واپس لوٹائے ۔وہیںجاوید کی والدہ نے نم آنکھوں سے کہا کہ پاکستان کی دو بچیاں او ر ایک بچے کو غلطی سے سرحد عبور کر بھارت میں داخلے کے بعد بھارتی فورس نے انہیں واپس لوٹایا تھا لہذا میرے بچے کو بھی واپس بھیج دیا جائے۔