جموں وکشمیر میں عوامی مسائل اورشکایات کا ازالہ کرنے کیلئے ایک نئے نگرانی اور شکایاتی ازالہ نظام کے انتظام کی بات کی گئی تھی تاکہ یہاں کی عوام کی شکایات کو ضلع اور تحصیل سطح پر بروقت حل کیا جائے ۔موسم سرما کے چلتے عوامی شکایات اور مشکلات میں اضافہ ہو جاتا ہے جہاں ان شکایاتی مراکز کی از حد ضرورت ہے تاکہ عوام کو جلد مشکلات سے نجات مل سکے ۔جموںوکشمیر میں عوامی شکایات کے ازالہ و نگرانی نظام کو مزید متحرک اور مؤثر بنانے کے کیلئے مربوط شکایتی ازالہ و نگرانی نظام ( جے کے۔ آئی جی آر اے ایم ایس) کا آغاز کیاگیا ہے ۔ نئے نظام کے تحت عوامی شکایات ازالہ میکانز م کو غیر مرکوز کر کے ڈپٹی کمشنروں کو عوامی شکایات موصول کرنے، ان کو نمٹانے اور نگرانی کرنے کے لئے ابتدائی سطح مقرر کیا گیا ہے۔جموں وکشمیر میںنئے نظام کوچوبیس گھنٹے شکایت کنند گان کے لئے دستیاب رکھنے کی بات کی گئی تھی ۔نظام کے تحت شکایت کنندگان اپنی شکایات کال سینٹر میں بذریعہ فون کال ہر کام کاج کے دِن بجز ایتوار صبح ساڑھے 9بجے سے شام ساڑھے 5بجے تک پیش کرسکتے ہیں۔عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ کرنے کیلئے ایل جی انتظامیہ کی جانب سے کئی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ ہو سکے ۔عوام کو موسم سرما میں مزید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے جہاں برف باری ہونے کی وجہ سے کئی دور دراز اور پسماندہ علاقہ جات کی عوام منقطع ہو کر رہ جاتی ہے ۔ایسے میں ان شکایات مراکز کو مزید چست کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ ہو ۔انتظامیہ کی جانب سے عوامی شکایات کازالہ اور نگرانی نظام کی پہل عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ حکومت جموںوکشمیر کی اوّلین ترجیح بھی ہے جہاںعام شہری ایک ہمدرد ، شائستہ ، فعال اور مدد گار اِنتظامی نظام کا طلب گار ہے ۔اسلئے انتظامیہ کو چاہئے کہ ایسے مراکز پر خاص توجہ دیکر زمینی سطح پر عوام کو ان مراکز کے متعلق بیدار کیا جائے جو مشکلات کے اوقات میں ان مراکز کے ذریعے اپنے مسائل کا ازالہ کرواسکیں تاکہ ان کی مشکلات و مصائب مصیبت بن کر نہ بیٹھے رہیں ۔انتظامیہ کو چاہئے کہ ایسے مراکز میں موثر انتظام کیا جائے اور ایسے مراکز کو مزید فعال بنایا جائے جس سے ان مراکز کو قائم کرنے کے مقاصد حاصل ہو سکیںاور عوامی مسائل کا طروقت ازالہ ہوسکے ۔