یہ محکمہ کے کسی فرد کی چال ہے،کروڑوں کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے :عوام
نزاکت احمد ملک
درہال؍؍ تحصیل درہال میں بی ڈی او دفتر میں چوری کی واردات پیش آئی۔اسی سلسلے میں بی ڈی سی چیئرمین اسلم ملک،محمد اعظم اورسرپنچ بیت اللہ ملک نے بتایا کہ ۱۱ تاریخ کو سرپنچ حضرات نے احتجاج کر کے کہا تھا کہ گزشتہ چند برسوں میں کروڑوں کا گھوٹالہ ہوا ہے اور2014 تا2018 جتنے بھی کام ہوئے ہیں انکی پوری چھان بین کی جائے کیونکہ زمینی سطح پر کوئی کام نظر نہیں آرہا۔سرپنچوں نے الزام لگایا تھا کہ پی ایم اے وائی ، 13 ایف سی، 14 ایف سی ،نریگا اورایس بی ایم میں لاکھوں کا گھوٹالہ ہوا ہے۔وہیں بی ڈی سی چیئرمین نے کہا ہے کہ میں نے ہر ممکن کوشش کی ہے لیکن اس محکمہ میںرشوت خوری ختم نہیں ہورہی ہے اور ضلع انتظامیہ سے درخواست ہے اس معاملہ کی چھان بین کی جائے ۔اس سلسلے میں پولیس نے ایک معاملہ زیر نمبر 4 u/s 457,380کے تحت درج کیا ہے۔ اس ضمن میں درہال کی عوام کا کہناہے کہ یہ بالکل محکمہ کے کسی فرد کی چال ہے جو اس کروڑوں کے گھوٹالے کو دبانا چاہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ معاملے کی سی بی آئی جانچ کروائی جائے اور ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔