ہزارہ برادری کے کان کنوں کے قتل کے خلاف پونچھ میں احتجاج

0
0

پاکستان میںشعیوں کو عرصہ دراز سے ایک سوچی سمجھی سازش ے تحت قتل کیا جارہا ہے:مولانا سید کرار حسین جعفری
لازوال ڈیسک

پونچھ ؍؍ پاکستان کے بلوچستان کے علاقے مچھ میں 11 کان کنوں کے سفاکانہ قتل کے خلاف مسجد اہلبیت پونچھ کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے سرپرست اعلیٰ مسجد اہلبیت حجۃ الاسلام مولانا کرار حسین جعفری کی قیادت میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر پاک حکومت اور دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جم کر نعرے بازی کی گئی۔واضح رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے بندوق کے زور پر کمرے میں سونے والے 11 کان کنوں کو بے دردی سے قتل کردیا تھا۔اس واقعے سے متعلق سامنے آنے والی معلومات سے معلوم ہواکہ ان مسلح افراد نے اہل تشیع ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے ان 11 کوئلہ کان کنوں کے آنکھوں پر پٹی باندھی، ان کے ہاتھوں کو باندھا جس کے بعد انہیں قتل کیا گیا۔مذکورہ واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔ مسجد اہلبیت پونچھ میں احتجاج کے دوران اس واقع کی مذمت کرتے ہوئے مظاہرین نے واقعے میں ملوث افراد کو انصاف میں کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلیٰ مسجد اہلبیت حجۃ الاسلام مولانا سید کرار حسین جعفری نے کہا کہ ہزارہ برادری پر یہ پہلی بار حملہ نہیں کیا گیا ہے بلکہ وہاں شعیوں کو عرصہ دراز سے ایک سوچی سمجھی سازش ے تحت قتل کیا جارہا ہے ۔پریس کے نام جاری اپنے بیان میں مدیر حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام حسین آباد گورسائی، جموں و کشمیر، ہندوستان ۔سید مختار حسین جعفری نے کہا ہے کہ داعش جو کہ ایک غیر اسلامی تنظیم ہے ، اس کے پیچھے عالمی استکبار کا ہاتھ ہے اور اس تنظیم کو بلا واسطہ اسلام دشمن عناصر پروان چڑھا رہے ہیں اور فنڈنگ کر رہے ہیں کہ جس کے بل بوتے پر اس تنظیم نے اسلام کے نام پر دنیا میں بے انتہا دہشت گردی پھیلائی ہے، اور اس تنظیم کا اولین مقصد شیعوں کا قتل عام کرنا ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا موقف بالکل واضح کرے اور جن لوگوں پر یہ ظلم ہوا ہے، حکومت پاکستان اس تنظیم سے ان لوگوں کا انتقام لے اور اس میں جو افراد ملوث ہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ شیعوں کا اسلام کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے کیونکہ ہم ان تمام بنیادی چیزوں کو مانتے ہیں کہ جو اسلام کی اصل ہیں، ہم اللہ کو ایک مانتے ہیں اور توحید کے قائل ہیں۔انہوں نے کہا کہ در حقیقت وہ کہ جو قاتل ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ مسلمانوں میں سے اس فرقے کو نشانہ بنا رہے ہیں کہ جن کا اسلام ان کے لئے چیلنج ہے اور جن کا اسلام خدا، رسول اور اھلبیت علیھم السلام اور اصحاب رسول کی نگاہ میں تسلیم شدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعے کی سخت ترین مذمت کرتے ہیں اور خداوند متعال کی بارگاہ میں اس واقعے کے شھداء کے لئے مغفرت کے طلبگار ہیں اور ان کے پسماندگان کے لئے صبر جمیل اور اجر جزیل کی دعا کرتے ہیں ، اور خدا کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ وہ دنیا سے اس نا پاک تنظیم کا خاتمہ کرے اور روئے زمین کو اس کے نا پاک وجود سے پاک کرے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا