31ڈی ڈی سی حلقہ ہائے انتخاب پرووٹنگ ہوگی،77سرپنچ اور334پنچ نشستوں پربھی ضمنی چنائو:شرما
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں کشمیر میں 13 دسمبر 2020 کو 31 ڈی ڈی سی حلقہ ہائے انتخاب کے تحت 6 مرحلے کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے اس کے ساتھ ہی 334 پنچ اور 77 سرپنچ نشستوں کیلئے بھی انتخابات عمل میں لائے جا رہے ہیں ۔ سٹیٹ اکیشن کمشنر کے کے شرما نے آج شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 31 ڈی ڈی سی حلقہ ہائے انتخاب کیلئے ووڈ ڈالے جا رہے ہیں جن میں 14 نشستیں صوبہ کشمیر اور 17 صوبہ جموں میں ہیں ۔ مزید تفصیلات دیتے ہوئے ایس ای سی نے کہا کہ صوبہ کشمیر کے 14 حلقہ ہائے انتخاب جہاں کل پولنگ ہو رہی ہے کیلئے 124 اُمیدوار میدان میں ہیں جن میں 47 خواتین بھی شامل ہیں ۔ جبکہ جموں صوبے کی 17 ڈی ڈی سی حلقہ ہائے انتخاب کیلئے 121 اُمیدوار میدان میں ہیں جن میں 53 خواتین بھی شامل ہیں ۔ ان 31 ڈی ڈی سی حلقہ ہائے انتخاب میں اپنے نمائندے چُننے کیلئے 748301 رائے دہندگان جن میں 390432 مرد اور 357869 خواتین شامل ہیں کل اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2071 پولنگ سٹیشن اس سلسلے میں قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 1208 صوبہ کشمیر اور 863 صوبہ جموں میں قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھٹے مرحلے میں 127 سرپنچ خالی نشستوں کو مشتہر کیا گیا جن میں سے 37 بلا مقابلہ کامیاب قرار دئیے گئے ہیں اور اب 77 حلقہ ہائے انتخاب میں ہی پولنگ ہو گی اور اس کیلئے 229 امیدوار بشمول 65 خواتین امیدوار میدان میں ہیں اسی طرح 1548 مشتہر شدہ پنچ نشستوں میں سے 334 حلقہ ہائے انتخاب میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ جس کیلئے 740 اُمیدوار میدان میں ہیں جن میں 180 خواتین امیدوار بھی شامل ہیں ۔ ایس ای سی نے کہا کہ کل کی پولنگ کیلئے تمام لازمی انتظامات کئے گئے ہیں جن میں افرادی قوت ، انتخابی مواد اور حفاظتی انتظامات شامل ہیں۔ کووڈ 19 وباء کے پیش نظر کئے گئے انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے ایس ای سی نے کہا کہ پولنگ سٹیشنوں میں تمام متعلقین بشمول رائے دہندگان کیلئے معقول انتظامات کئے گئے ہیں اور ہر پولنگ سٹیشن میں سینی ٹائیزر ، تھرمل سکینر ، ماسک وغیرہ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ متعلقہ حکام کو کووڈ ایس او پیز پر سختی کاربند رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ جن میں ماسک پہننا ، سماجی دوری بنائے رکھنا شامل ہے ۔