بڈگام میں’آوارہ‘گولی لگنے سے ایک خاتون زخمی

0
0

لوگ سڑکوں پر آگئے اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج درج کیا ،دُکانیں بند،ٹرانسپورٹ نظام معطل
یواین آئی

سرینگر؍؍وسطی ضلع بڈگام کے وولنہ علاقے میں جمعے کے روز اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب اپنے ہی گھر میں بیٹھی ایک 65سالہ خاتون ‘آوارہ’ گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔واقعے کے فوراً بعد لوگوں نے احتجاج کیا اور کچھ وقت تک ایچھ گام بازار میں دکانیں بند ہوئیں اور بڈگام – چاڑورہ روڈ پر ٹرانسپورٹ بھی معطل ہوگیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ سری نگر ہوئی اڈے ، جو وولنہ گاؤں کے بغل میں ہی واقع ہے ،کی طرف سے چلائی جانے والی گولیاں مکان کے چھت کو لگ گئیں اور ایک خاتون جو اپنے گھر میں کسی کام کے ساتھ مشغول تھی، کو ایک گولی ٹانگ میں لگ گئی۔مضروب خاتون کی شناخت فاطمہ زوجہ مرحوم غلام رسول کے بطور ہوئی ہے جس کو علاج و معالجے کے لئے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ضروری علاج کے بعد ڈسچارج کیا گیا۔دریں اثنا پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بڈگام پولیس کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ ہوائی فائرنگ سے وولنہ گاؤں میں ایک خاتون زخمی ہوئی ہے اور کچھ مکانوں کے چھتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ اطلاع موصول ہونے پر ایس ایچ او بڈگام کی سربراہی میں ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی اور زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔بیان کے مطابق تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ ائیر فورس کے فائرنگ رینج سے چلائی گئی کچھ گولیاں وولنہ میں مکانوں کے چھتوں کو لگ گئی ہیں اور ایک گولی ایک خاتون کو بھی لگ گئی ہے ۔محمد صفدر نامی ایک مقامی باشندے نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ گولیوں سے مکان کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور دیواروں میں بھی گولیاں لگ گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے کی طرف سے گولیاں چلنے کا یہ سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے اور یہ گولیاں مکانوں کو لگ جاتی ہیں لیکن آج ان سے ایک خاتون کو بھی زخمی ہوگئی جو بال بال بچ گئی۔ایک اور مقامی باشندے نے بتایا کہ اس مصیبت سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہم بار ہا متعلقہ حکام خاص ضلع مجسٹریٹ و دیگر افسروں کے پاس گئے لیکن آج تک کوئی راہ حل نہیں نکالا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں بھی سرحدی علاقوں کی طرح ہر روز گولیوں کی گن گرج ہوتی ہے اور خوف و ہراس چھایا ہوتا ہے اور لوگوں کو پریشانی لاحق ہوتی ہے کہ کہیں کسی کو گولی نہ لگ جائے ۔دریں اثنا واقعہ رونما ہونے کے بعد لوگ سڑکوں پر آگئے اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج درج کیا جس سے بڈگام چاڈورہ سڑک پر کچھ مدت کے لئے ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔ادھر ضلع انتظامیہ کے افسران فوراً جائے واردات پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا