جموں کشمیر، اکیڈمی آف آرٹ کلچر اور لینگویجیز کے تعاون سے ہوامنعقد
ساجد طفیل
بھدرواہ ؍؍بھدرواہ کیمپس جموں یونیورسٹی کے لّل دید آڈیٹوریم میں جموں کشمیر، اکیڈمی آف آرٹ کلچر اور لینگویجیز کے اشتراک سے اقبال بزم ادب بھدرواہ نے ایک ’’ کثیرالجہتی مشاعرہ ‘‘ منعقد کیا ، جس میں وادی ِچناب کے مشہور ومعروف شعراء نے شرکت کی۔ خطہ کی قدیم ترین ادبی تنظیم ، اقبال بزم ادب بھدرواہ کے صدر ، جناب سہیل صدیقی ناصر نے ،تمام احتیاطی تدابیر کو برتتے ہوئے ایسے معتبرپروگرام کے انعقاد اور شراکت پر سکریٹری اکیڈمی جناب منیر الاسلام کا شکریہ ادا کیا۔اقبال بزمِ ادب بھدرواہ خطے کے ابھرتے ہوئے شعراء کی حوصلہ افزائی کے لیے ادبی پروگراموں کے انعقاد وقتاََ فوقتاََ کرتی رہتی ہے جو نئے لکھنے والوں کو نہ صرف لکھنے کی ترغیب دیتے ہیں بلکہ اْن کی تخیل کو زیادہ بہتر اْڑان بھرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ یہ مشاعرہ بھی اْسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جو نوجوانوں کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے بہت بڑا کام کرے گا اور نئے اور پْرجوش شاعروں کے حوصلے بلند کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔محفلِ مشاعرہ میں، ریاست کے مشہور شاعر گلاب سیفی کو ، جناب سہیل صدیقی ناصر ، صدر ، بزمِ ادیب بھدرواہ ، نے ان کی خدمات اور ایک نئی ادبی شکل "ترئوٹ” کو کشمیری ادب سے متعارف اور اختراع کرنے پر بھی اعزاز سے نوازا ہے۔ اس موقع پر ، جناب گلاب سیفی ، جو جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کے عہدیدار بھی ہیں ، نے کہا کہ یہ ہماری کوشش رہتی ہے کہ ہم نوجوان شعرا کے فن کو فروغ دینے کے لئے ایسے پروگراموں کا انعقاد کرتیر ہیں جہاں نئے لکھنے والوں کو معروف شعراء کے ساتھ نشست آرائی کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے جناب سہیل صدیقی صاحب کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ جناب سہیل صدیقی ہمیشہ ایسی ادبی سرگرمیوں کا انعقاد کرتے رہتے ہیں اور ایسے پروگراموں کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے کا جوش بھی رکھتے ہیں۔مشاعرہ کی صدارت معروف شاعر اور ادیب جناب طالب حسین رند بھدرواہی اور ذیشان طاہر تحصیلدار بھدرواہ نے کی ،جبکہ ایس، ڈی، پی ،او ،جناب غفور اور مشہور شاعرہ نبین شوقین نے بطور مہمانِ خصوصی اور مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے اپنی شمولیت کو ممکن بنایا۔ مشہورو معروف شاعر اور فورم کے صدر جناب سہیل صدیقی ناصر نے مشاعرے کی نظامت کے فرائض کو حْسنِ اسلوبی سے نبھایا۔ جناب ساجد سرمدی نے اپنے استقبالیہ خطبہ میں تمام مہمانوں ، شریک شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے فعال تعاون کے لئے کلچر ل اکیڈمی ، انتظامیہ اور صحافی برادری کے کردار کو بھی تسلیم کیا۔مشاعرے میں اپنا کلام پڑھنے والے شعراء میں کشتواڑ سے جناب رحمت، ڈوڈہ سے جناب عاصم آ فریدی ، ٹھاٹھری سے جناب تسکین بدانیوی، جناب مصیّیب اور بھالیسہ سے حکیم جان محمد ، اور بھدرواہ کے مشہور شعراء بشمول جناب ساگرسہرائی ، اور جناب ظہیربھدرواہی ، جناب چندر کانت امندیپ، جناب کرشن لال پیروانہ اور دیگر نحوست اور نوجوان شاعر شامل ہیں۔ اختتامی تقریر میں مہمان خصوصی نے ایسے خوبصورت پروگرام کے انعقاد کے لئے جناب منیر الاسلام کی کاوشوں کو تعریف کی اور سامعین کو مستقبل قریب میں بھی ایسی ادبی سرگرمیوں کے انعقاد کی یقین دہانی کروائی۔